اسمبلی انتخابات 2023:شیموگہ میں سیاسی سرگرمیاں تیز

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر نمایاں
شیموگہ:۔ اسمبلی انتخابات2023 کیلئے ریاست کے دیگر علاقوں میں سیاسی سرگرمیاں شروع ہوئی ہیں اُسی طرز پر شیموگہ میں بھی سیاسی ہلچل دیکھی جارہی ہے۔مختلف مذاہب اور ذاتوں کے لوگ آنے والے اسمبلی انتخابات کولیکر حساب وکتاب کررہے ہیں۔ذات پر مبنی تقویت اور طاقت کااندازہ لگایاجارہاہے،اگلے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی سے کے ایس ایشورپاکو ٹکٹ ملنا مشکل دکھائی دےرہاہے اور ان کی جگہ پرکئی امیدوار دعویداری کررہے ہیں۔ان میں رودرے گوڈا،جیوتی پرکاش ، ڈاکٹردھننجئے سرجی اوردتتارے کا نام سرفہرست نظر آرہا ہے ۔اسی طرح سے کانگریس پارٹی میں بھی ٹکٹ کیلئے بعض کانگریسی اپنا نام پیش کرنے میں لگے ہوئے ہیں ۔ سابق رکن اسمبلی کے بی پرسنناکمار ، کارپوریٹر ایچ سی یوگیش، ڈی سی سی صدر ایچ ایس سندریش،امتیازخان ٹکٹ دعویداروں میں سے ہیں ۔ جبکہ جے ڈی ایس میں فی الوقت ایک ہی نام دوڑ رہا ہے جو ایم سری کانت کے طورپر پیش کیاگیاہے۔حالانکہ اس سے پہلے بھی ایم سری کانت دو دفعہ ایم ایل اے امیدوار رہے ہیں،لیکن انہیں خاص کامیابی نہیں ملی ہے ۔ اس دفعہ وہ پوری طاقت کے ساتھ دوبارہ الیکشن لڑنے کی تیاری کررہے ہیں۔ان تین روایتی سیاسی جماعتوں کے علاوہ اس دفعہ عام آدمی پارٹی بھی اپنے قسمت آزمانے کیلئے میدان میں اُترنے کی تیاری کررہی ہے ۔ دہلی اور پنجاب میں ملی کامیابی کے بعد گجرات اور کرناٹک پر کیجریوال کی نظریں ہیں،جس کیلئے کرناٹک میں عام آدمی پارٹی کی سرگرمیاں تیز ہوئی ہیں۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین اور ایس ڈی پی آئی بھی شیموگہ میں اپنی نمائندگی کرنے کیلئے تیاریاں کررہے ہیں ۔سیاسی جماعتوں کی تیاریاں اپنے طو رپرہیں،لیکن مسلمانوں کے درمیان ابھی تک آنے والے اسمبلی انتخابات کیلئے تیاریوں کاکوئی خاص چرچہ نہیں ہے،سب سے پہلے مسلمانوں کوچاہیے سیاسی جماعتیں انتخاب کرنےیا سیاسی جماعتوں کے پیچھے بھاگ دوڑکرنے کے بجائے ووٹر آئی ڈی کارڈ حاصل کریں،اپنے ناموں کو درست کروائیں۔اگر ووٹنگ لیسٹ میں نام غائب ہواہے تو دوبارہ درج کروائیں اور انتخابات تک اپنے ناموں پر نظر رکھیں۔