سنگھی کلڑکا بھٹ کی شان میں کمارسوامی نے پڑھا قصیدہ; کیا جے ڈی ایس اب مکمل طورپرجنتادل سنگھی بن چکی ہے؟

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
منگلورو:۔کسی دورمیں سیکولر اقدار کی پاسدار اور کمیونل افکارکی مخالفت کرنےوالی جے ڈی ایس اب شائد مکمل طورپر سنگھی بنتی جارہی ہے اورجنتادل سیکولر سے بدل کر جنتا دل سنگھی بن چکی ہے۔اس کی تازہ مثال خود منگلورومیں جے ڈی ایس کے سربراہ کمارسوامی نے پیش کی ہے۔کٹر ہندوتواودای اور مسلمانوں کے پکے دشمنوں میں شمارہونےوالے کلڑکا پربھاکر کی شان میں انہوں نے قصیدے گاتے ہوئےکہاکہ کلڑکا پربھاکرکے تعلق سے مجھے گمراہ کیاگیاتھا،اب میں نے اُن سے مل کر یہ بات جان لی ہے کہ کلڑکاپربھاکر بہت ہی اچھے انسان ہیں۔کلڑکا پربھاکرکی قیادت میں چلائی جانےوالی سری رام ودھیا کیندرامیں مہمان خصوصی کے طورپر شرکت کرتے ہوئے انہوں نے کلڑکا پربھاکر سے معافی بھی مانگی اورکہاکہ مجھے آپ کے تعلق سے گمراہ کیاگیاتھا،لیکن اب آپ کے تعلق سے جو غلط فہمیاں تھیں وہ دورہوچکی ہیں۔واضح ہوکہ بی جے پی کے ساتھ آنےوالے پارلیمانی انتخابات کیلئے اشتراک قائم کرتے ہوئے جے ڈی ایس کے سربراہ آئے دن مسلم مخالف بیانات بھی دیتےآئے ہیں اور انہوں نے کھلے طورپر واضح کیاتھاکہ وہ یہاں کے مسلمانوں سے کوئی اُمیدنہیں رکھتے نہ ہی اُنہیں مسلمانوں سے کوئی مددکی ضرورت ہے۔اس کے علاوہ انہوں نے غزہ پر اسرائیلی حملے کو درست قرار دیتے ہوئے یہودیوں کی تعریف کی تھی اور حماس کو دہشت گرد تنظیم کہتے ہوئے فلسطینیوں جہدکاروں کی توہین بھی کی ہے۔حال ہی میں کمارسوامی نے ان کی ہی پارٹی کے سی ایم ابراہیم کو ان کی مخالفت کرنے پر برخواست بھی کیاہے جس کے بعدجے ڈی ایس کو لیکر یہ کہاجارہاہے کہ اب یہ پارٹی سیکولرنہیں سنگھی بن چکی ہے۔جس طرح سے کمارسوامی آرایس ایس اور بی جے پی کے قریب ہوتے جارہے ہیں،اس سے یہ بھی انکارنہیں کیاجاسکتاکہ جلدہی کمارسوامی بی جےپی کے ریاستی صدربن جائینگے۔ہر دن وہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے قریب ہوتے جارہے ہیں اور آر ایس ایس کی بھی تعریف کے پُل باندھ رہے ہیں۔