بنگلورو:۔کرناٹکا میں پی ایس آئی کے تقررات کے معاملے میں جو سیاست ہورہی ہے اُسی کے درمیان اب کرناٹکا کے گریجوئٹ ٹیچرس کے تقررات ہونے جارہے ہیں،اس کیلئے15 ہزار سے زائد گرایجوئٹ ٹیچرس کی تقرری ہوگی اور اس کیلئے21اور22 مئی کو امتحان ہوگا۔ان امتحانات کو پوری شفافیت کے ساتھ انجام دینے کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی ہوگی اور امیدواروں کو امتحان کیلئے آدھے گھنٹے سے وقت بڑھاکر ایک گھنٹہ رکھاگیاہے۔اس بات کی اطلاع کرناٹک کے وزیر تعلیم بی سی ناگیش نے دی ہے ۔ انہوں نے ودھان سودھامیں پریس کانفرنس کے دوران بتایاکہ اس سےقبل تمام امیدواروں کو امتحان سے آدھا گھنٹہ پہلے امتحانی مرکزمیں آنے کی ہدایت دی گئی تھی،لیکن اس دفعہ ایک گھنٹہ پہلے ہی امیدواروں کو امتحانی مرکزمیں آناہوگا، جہاں پر ان کی تفتیش ہوگی۔ریاست کے435امتحانی مراکزمیں 1لاکھ6 ہزار امیدوار امتحان دینگے اور یہ امتحانات پوری طرح سے سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی میں لئے جائینگےاور امتحانات کا جائزہ لینے کیلئے مختلف افسروں کی تقرری بھی کی گئی ہے۔امتحانی مرکز کو موبائل فون،گھڑی سمیت کسی بھی طرح کے الیکٹرانک آلات لانے کی اجازت نہیں ہوگی اور ہر امتحانی مرکز میں میٹل ڈیٹکٹر لگایاجائیگا۔امتحانی مرکزمیں داخل ہونے سے پہلے پولیس کے ذریعے سے معائنہ کروایا جائیگا،اس کے بعد مرکز میں داخل ہونے کے بعد افسران جائزہ لینگے۔امتحان شروع ہونے سے قبل تیسرے مرحلے کی تفتیش ہوگی،طئے شدہ وقت میں امتحان ہوگا۔اس سلسلے میں محکمہ پولیس اور ضلع پنچایت کے افسروں کے ساتھ خصوصی نشست کا اہتمام کیاگیاہے اور ہر ضلع میں ضلع پنچایت کے سی ای او کو امتحانی مراکز کا سربراہ بنایاگیاہے۔سوالات کا پرچہ جاری کرنے سے لیکرجوابات کے پرچے جمع کرنے تک کیلئے ضوابط بنائے گئے ہیں۔اس دوران انہوں نے اس بات کی بھی اطلاع دی ہے کہ ایس ایس ایل سی امتحان کے تنائج مئی کے تیسرے ہفتے میں جاری کئے جائینگے،اس وقت جوابی پرچوں کا معائنہ مکمل ہوچکاہے اب نتائج کو داخل کرنے کا سلسلہ شروع ہوا ہے ، عنقریب تاریخ کا اعلان کیاجائیگا۔
