حاجی بننے کے بعد اپنی زندگیوں کو پاکیزہ بنائیں:وزیر اعلیٰ; کرناٹک سے عازمین حج کا پہلا قافلہ جمعرات کو روانہ ہوگا،حج بھون کی وزیر اعلیٰ نے کی ستائش

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر

بنگلورو:۔وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی نے آج کرناٹک سے روانہ ہونے والے عازمین حج کو رخصت کرتے ہوئے کہاکہ حج کا سفر نصیب والوں کوملتاہے اور جولوگ نیک نیت کے ساتھ حج کوجاتے ہیں اُن کاحج قبول ہوتاہے اور اُن کی دعائیں بھی قبول ہوتی ہیں،ایسے میں حاجی اس ملک ودُنیا کی خیرکیلئے دعاکریں۔انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہاکہ حج کرنے والے حاجی بن جاتے ہیں اور حاجی بننے کے بعد اُن کی ذمہ داریاں بھی بڑھ جاتی ہیں،حج سے واپس آکر حاجی اپنی زندگیوں کو پاکیزہ بنائیں تبھی حج کا مقصد پوراہوگا۔تمام مذاہب انسانیت کا درس دیتے ہیں،ہم سب انسان بن کر پیدا ہوتے ہیں اس وجہ سے انسانیت کو اہمیت دینے کی ضرورت ہے ، ہمارے طریقے کار سے ہی ہمیں خداملتاہے۔ہر انسان میں اچھائی اور بُرائی ہوتی ہے لیکن اپنے نفس کی وجہ سے ہم کبھی کبھی گمراہ بھی ہوجاتے ہیں۔جب انسانیت بُرائی پر فوقیت پاتی ہے تب دُنیامیں امن وامان پھیلتا ہے، ہر مقدس کتاب میں اچھائی کو عام کیاگیاہے۔جس سرزمین میں ہم رہتے ہیں اُس سرزمین سے محبت کرنے کی ضرورت ہے۔حج کوجانے سے پہلےلوگ اپنے دلوں کو صاف کرتے ہوئے جائیں،وہاں جانے کے بعد دل مزید شفاف ہوجاتاہے،واپس آنے کے بعد اسی شفافیت کے ساتھ زندگی گذاریں۔کرناٹک میں جو حج ہائوز قائم کیاگیاہے وہ ملک کا سب سے بہترین حج ہائوز ہے،روشن بیگ جس وقت ریاستی وزیر برائے حج تھے، اُن کی کاوشوں سے ہی یہ حج ہائوز بناہواہے،اس کا بھی صحیح استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔وزیر اعلیٰ نے ریاستی حکومت کی طرف سے تمام عازمین حج کو مبارکباد پیش کی اور اُن کے سفرکیلئے نیک خواہشات کااظہارکیا۔اس موقع پرسابق ریاستی وزیر آر روشن بیگ،راجیہ سبھا رکن ناصر حُسین،ایم ایل سی عبدالجبار،ایم ایل اے یوٹی قادر، ریاستی وقف بورڈکےصدر محمد شفیع سعدی،حج کمیٹی کے ریاستی صدررئوف الدین کچیری والے موجودتھے۔واضح ہوکہ امسال ریاست سے3 ہزار عازمین حج کیلئے روانہ ہورہے ہیں۔ان عازمین حج کا پہلا قافلہ آج یعنی بروزجمعرات کوبنگلور وسے روانہ ہوگا۔