صہیونی فوج کا نہتے معصوم فلسطینیوں پر کھلی دہشت گردی،9بچے سمیت 24 شہید

انٹرنیشنل نیوز سلائیڈر

غزہ:۔ فلسطینیوں پر اسرائیل کی دہشت گردی دوسرے روز بھی برقرار رہی،جس میں نو معصوم بچے سمیت 24 افراد شہید ہو گئے، (انا للہ و انا الیہ راجعون) ہیں۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اسرائیل نےغزہ میں فضائی کارروائی شروع کی اور یہ سلسلہ منگل کی صبح تک جاری رہا۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر خان یونس میں اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا جب کہ ایک اور حملے میں پناہ گزینوں کے کیمپ کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایک خاتون ہلاک ہوگئیں۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران یروشلم اور مغربی کنارے میں اسرائیل کی سیکیورٹی فورسز سے جھڑپوں کے نتیجے میں 700 سے زیادہ فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں، جن میں سے لگ بھگ 500 کو مختلف اسپتالوں میں طبی امداد دی گئی۔اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ منگل کی صبح غزہ سے فائر ہونے والے راکٹ حملوں میں چھ شہری زخمی ہوئے ہیں۔یاد رہے کہ پیر کو مسجدِ اقصیٰ میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی تھیں۔ جس کے بعد غزہ کی پٹی کا کنٹرول سنبھالنے والی عسکری تنظیم حماس نے اسرائیل کو مسجدِ اقصیٰ کے کمپاؤنڈ سے فورسز کو واپس نہ نکالنے کی صورت میں راکٹ حملوں کی دھمکی دی تھی۔حماس نے پیر کی شب یروشلم کی جانب راکٹ فائر کیے جس کے بعد اسرائیل کی فوج نے غزہ میں فضائی کارروائی کی۔حماس نے اسرائیل کو مسجد اقصیٰ کے کمپاؤنڈ سے فورسز کو واپس نہ نکالنے کی صورت میں راکٹ حملوں کی دھمکی دی تھی،فلسطین کے صدر محمود عباس نے اسرائیل کی کارروائی میں شہریوں کی اموات پر قومی پرچم سرنگوں رکھنے اور عیدالفطر کی مناسبت سے منائی جانے والی تقریبات منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج کی کارروائی پیر کی شب کی گئی جس کے نتیجے میں غزہ شہر اور ساحلی پٹی کے قریب متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔اسرائیل کی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ راکٹ حملوں کے جواب میں غزہ کے مسلح گروہ کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔بیان کے مطابق فلسطینی ملٹری نے اسرائیل کی جانب لگ بھگ 150 راکٹ فائر کیے جن میں سے درجنوں راکٹ میزائل ڈیفنس نظام کے تحت فضا میں ہی تباہ کر دیئے گئے ۔اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹنٹ کرنل جوناتھن کنریکس نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ غزہ سے فائر ہونے والے کم از اکم چھ راکٹ یروشلم کے نواح میں گرے جہاں ایک گھر کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔