شیموگہ : ۔شیموگہ ضلع میں عام آدمی پارٹی پنپنے سے پہلے ہی بکھرنے کے آثاردکھائی دے رہے ہیں اور اس پارٹی کا آغاز ہوئے ابھی یہاں محض کچھ ہی ماہ ہوئے ہیں کہ ہر کوئی آنے والے اسمبلی انتخابات کا امیدوار ثابت کرنے کی کوشش میں لگا ہواہے ۔ پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی بڑی کامیابی کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں پارٹی کو نئی جان ملی تھی اسی کی مناسبت سے شیموگہ میں بھی بڑے پیمانے پر عام آدمی پارٹی میں لوگ جڑنے لگے تھے ۔ کچھ سالوں سے پارٹی کو مضبوط کرنے میں لگے ہوئے منوہر گوڈا اس وقت نہ صرف ضلع میں پارٹی کو مضبوط کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے تھے بلکہ انہوںنے آنے والے اسمبلی انتخابات کو نظر رکھتے ہوئے بھی کام کررہے تھے اور اپنے آپ کو اسمبلی انتخابات کا امیدوار بھی ڈکلیئر کرچکے ہیں ۔ انکے ساتھ ہی ایک خاتون لیڈر جو پارٹی میں کافی عرصے سے سرگرم ہیں وہ بھی شیموگہ اسمبلی حلقے کی امیدواری کا دعویٰ کررہی ہیں ۔ ان دونوں کے درمیان شیموگہ کارپوریشن کے سابق میئر اناملائی کیبل بابونے بھی ابھی سے اپنے پوسٹرس اور بینرس میں یم ایل اے الیکشن کے دعویدار کے طورپر نمایاں الفاظ میں اپنی پہچان بنانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں ۔ عاپ پارٹی کی ابھی جڑیں مضبوط بھی نہیں ہوئی ہیں ایسے میں دہلی اور پنجاب ماڈلس کو لے کر یہاں بھی کارکنان سے زیادہ لیڈران بنتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں جس سے پارٹی کو فائدہ کم نقصان زیادہ نظر آرہاہے ۔
