پی یو سی شعبۂ سائنس کی تعلیم اب کنڑا میڈیم میں بھی حاصل کرسکتے ہیں:شوبھا

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو(انقلاب نیوزبیورو):۔پی یوسی سائنس میں تعلیم حاصل کرکے میڈیکل اور انجینئرنگ میں داخل لینے کے خواہش مند طلبہ اب انگلش میڈیم کے علاوہ کنڑامیڈیم میں بھی تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔اس کیلئے محکمہ پی یو ایجوکیشن نے پہلی مرتبہ موقع فراہم کیاہے۔ضلع کے 68کالجوں میں سائنس کی تعلیم دی جارہی ہے،ان کالجوں میں اب کنڑامیڈیم میں بھی طلبہ داخلہ لے سکتے ہیں۔رواں تعلیمی سال کیلئے فرسٹ اور سکینڈ پی یوسی داخلوں کیلئے 11ستمبر آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔کنڑامیڈیم میں داخلہ لینے کے خواہش مند طلبہ متعلقہ کالج کے پرنسپل سے رابطہ کرکے داخلہ لے سکتے ہیں،طلبہ کو کسی بھی زبان میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کیاجائے گا۔یہ اطلاع محکمہ پی یوایجوکیشن کی جوائنٹ ڈائرکٹر شوبھاایم سی نے دی۔انہوں نے کہاکہ پی یو سی کی تعلیم کنڑااور انگلش دونوں میڈیم میں حاصل کی جاسکتی ہے،طلبہ کسی بھی زبان میں تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ ضلع میں سرکاری،امدادی اور غیر امدادی پی یو کالجوں میں سائنس کی تعلیم دی جاری ہے،جملہ 127سرکاری،ایڈیڈ،ا ن ایڈیڈ پی یوکالجوں میں سے 68 کالجوں میں سائنس کی سہولت حاصل ہے،ان میں سے 23سرکاری اور 13 پرائیویٹ ایڈیڈ اور 32/ان ایڈیڈ کالجس شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ دیہی علاقوں کے کالجوں میں کنڑا میڈیم میں ایس ایس ایل سی کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو سائنس کا انتخاب مشکل ہے اور انگلش میڈیم میں تعلیم حاصل کرنابھی دشوارہے اس لئے انہیں کنڑا زبان میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کیاگیا ہے۔