تاریخی پیس مارچ کیلئے تیاریاں کم وبیش مکمل; 10 ہزار افراد کی شرکت متوقع،مسلمانوں سے دیندیال نے کیا چیلنج

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر نمایاں
شیموگہ:۔شیموگہ میں امن وامان کےپیغام کو عام کرنے کیلئے شہرکی قریب ایک سوزائد سماجی،فلاحی،تعلیمی اور تجارتی تنظیموں کی جانب سے تاریخی پیس مارچ کا انعقادکیاجارہا ہے۔اس تاریخی پیس مارچ کی خاص بات یہ ہے کہ شیموگہ ضلع عدلیہ بھی اس مہم سے جڑگیاہے جس میں ضلعی جج مصطفیٰ حُسین خود قیادت کررہے ہیں۔شہرکی تین اہم مقامات سے یہ مارچ روانہ ہوگا جس میں پولیس گرائونڈبی ایچ روڈ،گوپی سرکل،رامنا شیٹی پارک سے نکل کرامیراحمدسرکل میں تمام لوگ جمع ہوجائینگے ، اس کے بعد یہ قافلہ سائنس میدان پہنچے گا۔غور طلب بات یہ ہے کہ 3/ستمبر کی صبح دس بجے نکلنے والی اس ریالی میں کوئی بھی سیاسی قائد قیادت کیلئے آگے نہیں ہوگا بلکہ ہر ایک شہری کو قیادت کو موقع دیاگیاہے اور ہر کوئی رضاکارانہ طور پر اس ریالی میں شرکت کرسکتاہے۔طلباء، خواتین اور تمام طبقات کو اس ریالی میں شرکت کی گنجائش ہے ۔تقریباً دس ہزار افرادکی شرکت کیلئے منتظمین نے تمام طرح کے انتظامات کئے ہیں جس میں پینے کا پانی وغیرہ شامل ہے۔اس ریالی کو کامیاب بنانے کیلئے مسلسل تنظیموں سے رابطہ کیاجارہاہے اور ہر ایک کو اطمینان کے ساتھ اس ریالی میں شرکت کی گذارش کی جارہی ہے۔ڈاکٹروں کی تنظیم،وکلاء،چیمبر آف کامرس، شہرکے مختلف مسلم انتظامیہ تعلیمی اداروں کے طلباء،خواتین سمیت الگ الگ پیشوں سے تعلق رکھنےوالے لوگ اس ریالی میں شرکت کرینگے۔سائنس میدان میں ریالی پہنچنے کے بعد وہاں تمام لوگوں کے درمیان ہندو مسلم عیسائی مذہب سے تعلق رکھنےو الے مذہبی پیشواء عوام کو امن کا پیغام دینگے۔اس میں مولانا عاقل رضا مصباحی،مولانا شاہ الحمید، کرلابالوجگت گرو ڈاکٹر شیومورتی شیواچاریہ مہاسوامی کے علاوہ عیسائی مذہب کے فادرس بھی شرکت کرینگے۔ایک طرف اس پروگرام کامیاب بنانے کیلئے شہرکے کم وبیش تما م لوگ جوش وخروش کے ساتھ کام کررہے ہیںمگر کچھ شرپسندعناصر اس ریالی کو ناکام کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں،جبکہ بجرنگ دل کے سربراہ دیندیال نےا پنے سوشیل میڈیا پوسٹ میں یہ چیلنج کیاہےکہ دیکھتے ہیں کہ کتنے مسلمان اس ریالی میں شرکت کرینگے،ایسے چیلنج کرنے والے اور ریالی کو ناکام کرنے کی کوشش کرنے والے شرپسندوں کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے تمام مسلمانوں کو کثیر تعدادمیں شرکت کرنے کی گذارش شہرکے ذمہ داروں نے کی ہے۔