ایل پی جی کے کمرشل سلنڈر کے داموں میں کمی، گھریلو سلنڈر کے داموں میں کوئی راحت نہیں

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی: تہوارں کے موسم میں مہینے کے پہلے دن عوام کو اس وقت ذرا سی راحت حاصل ہوئی جب ایل پی جی سلنڈر کے داموں میں تخفیف کر دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق تجارتی ایل پی جی سلنڈر (ایل پی جی) کی قیمتوں میں ہفتہ کو 25.5 روپے فی سلنڈر کی کمی کی گئی ہے۔ انڈین آئل کی قیمتوں کے نوٹیفکیشن کے مطابق داموں میں تخفیف کا اطلاق ہفتہ یکم اکتوبر سے نافذ العمل ہے۔تجارتی استعمال کے لیے 19 کلو کے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت اب دہلی میں 1885 روپے کے بجائے 1859 روپے ہوگی۔ کلکتہ میں اس کی قیمت 1995.50 روپے کے بجائے 1959 روپے، ممبئی میں 1844 روپے کے بجائے 1811.50 روپے اور چنئی میں 2045 روپے کے بجائے 2009.50 روپے ہوگی۔ یکم ستمبر 2022 کو بھی قیمتیں کم کی گئیں تھیں۔ اس سے قبل 19 کلوگرام سلنڈر کی قیمت میں 6 جولائی کو ترمیم کی گئی تھی۔ تاہم گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمتیں مستحکم رہیں۔خیال رہے کہ ملک میں جون سے کمرشل سلنڈر کے داموں میں مسلسل تخفیف کی جا رہی ہے۔ جولائی میں ایسا دو مرتبہ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد یکم اگست اور یکم ستمبر کو بھی سلنڈر کے داموں میں کمی کی گئی۔ جون سے اب تک 19 کلو کا سلنڈر 542 روپے تک سستا ہو گیا ہے۔ دوسری جانب گھریلو ایل پی جی گیس سلنڈر کے داموں پر کوئی راحت نہیں دی جا رہی۔