دبئی:۔متحدہ عرب امارات کی حکومت نے غیرملکیوں کیلئے گولڈن ورچوئل او رگرین سمیت10 اقسام کے اقاموں کا آغازکیاہے۔الاامارات الیوم کے مطابق وفاقی اتھاریٹی برائے شناخت، شہریت،کسٹم اور پورٹس سیکوریٹی نے کہاہے کہ غیر ملکیوں کیلئے دس اقسام کے اقاموں کا اجراء شروع کیاگیاہے،ان کی مدت دو سے دس برس تک ہے،تمام اقامے قابل توسیع ہیں۔نئے اقامہ نظام میں سرمایہ کاروں ، تاجروں ،سائنسدانوں،ماہرین،ممتاز،طلبہ،فلاحی خدمات ، ڈاکٹروں اور زندگی کے تمام شعبوں کے ہنر مندوں کیلئے ویزوں اور اقاموں کی سہولت دی گئی ہے۔ویزااور اقامے کی کارروائی کو مختصر اور آسان بنانے کے ساتھ سہولتوں میں اضافہ کیاگیاہے۔امارات میں مقیم غیر ملکی کی فیملی اور غیر ملکی پاسپورٹ ہولڈرجی سی سی ممالک کے شہریوں کی اولاد بیگمات کیلئے بھی اقامہ جاری ہوگا۔علاوہ ازیں وقافی اتھاریٹی کے سربراہ کے جاری کردہ ضوابط کے مطابق انسانی حالات کی بنیاد پر بھی اقامے کا اجراء ہوگا۔وقافی اتھاریٹی برائے شناخت،شہریت،کسٹم اور پورٹس سکیوریٹی نے کہاہے کہ ملک میں کفیل کانظام مکمل طو رپر ختم کردیاگیاہے،نئے ویزوں کے نظام میں کفیل کیلئے کوئی جگہ نہیں۔اتھاریٹی کاکہناہے کہ آئندہ آجر اور اجیر کے درمیان کاروباری تعلق پر انحصار ہوگا۔ ریکارڈ وقت میں ویزا جاری ہوگا اور مقررہ سہولتوں کی فراہمی میں غیر معمولی لچک کامظاہرہ کیاجائیگا ،بیان میں کہاگیاہے کہ غیرملکی اقامہ ختم ہونے یا منسوخ کئے جانے کے بعد ایک سے چھ ماہ تک امارات میں قیام کرسکیں گے۔
