سولہ سالہ مسلم لڑکی پسند کی شادی کرسکتی ہے یا نہیں؟ سپریم کورٹ غور کریگا

سلائیڈر نیشنل نیوز
 دہلی: سپریم کورٹ نے پیر کو کہا کہ وہ اس سوال کی جانچ کرے گا کہ کیا 16 سال کی عمر کو پہنچنے والی مسلمان لڑکی،اپنی پسند کی شادی کی اہل ہے یا نہیں؟ یہ سوال اس لئے اٹھا ہے کہ ملک میں بچوں کی شادیوں پر پابندی کا قانون موجود ہے نیز بچوں کے ساتھ جنسی تعلق بھی قانوناً جرم ہے۔نیشنل کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹس (این سی پی سی آر) کی طرف سے 13 جون 2022 کے پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی ایک درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے، جسٹس ایس کے کول اور اے ایس اوکا پر مشتمل سپریم کورٹ کی بنچ نے سینئر ایڈوکیٹ راج شیکھر کو نگراں کے طور پر مقرر کیا۔کمیشن کے لیے پیش ہوتے ہوئے، سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ یہ ایک "سنگین مسئلہ” ہے جس کے تحت بچوں کی شادیوں پر اس کے ممکنہ اثرات اور جنسی جرائم سے بچوں کے تحفظ کے ایکٹ 2012 کی دفعات بھی شامل ہیں۔ معاملے کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔ہائی کورٹ نے مسلم پرسنل لا کا حوالہ دیتے ہوئے ایک مسلم جوڑے کی تحفظ کی درخواست کو نمٹاتے ہوئے اس کی اجازت دی تھی جس میں ایک 21 سالہ مرد اور ایک 16 سالہ لڑکی نے خاندان کے افراد سے اپنی جان اور آزادی کے تحفظ کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔جوڑے اس کیس میں درخواست گزار تھے۔ درخواست گزار جوڑے نے اپنے وکیل کے توسط سے استدلال کیا کہ مسلم قانون میں بلوغت اور میجوریٹی ایک ہی ہیں اور یہ تصور کیا جاتا ہے کہ کوئی شخص 15 سال کی عمر میں بالغ ہو جاتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جو مسلمان لڑکا یا مسلمان لڑکی بلوغت کو پہنچ چکے ہیں وہ اپنی پسند سے شادی کرنے کے لیے آزاد ہیں اور سرپرست کو مداخلت کا کوئی حق نہیں ہے۔ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ ’’قانون واضح ہے کہ مسلم لڑکی کی شادی مسلم پرسنل لا کے تحت ہوتی ہے۔سر دنشاہ فریدون جی کی کتاب ’پرنسپلز آف محمڈن لا‘ کے آرٹیکل 195 کے مطابق درخواست گزار نمبر 2 (لڑکی) کی عمر 16 سال سے زیادہ ہوتو، اپنی پسند کے کسی شخص کے ساتھ شادی کا معاہدہ کرنے کی اہل ہے۔ پٹیشنر نمبر 1 (لڑکا) کی عمر 21 سال سے زیادہ بتائی گئی ہے۔ اس طرح، دونوں درخواست دہندگان شادی کے قابل عمر کے ہیں جیسا کہ مسلم پرسنل لا کے ذریعہ تصور کیا گیا ہے۔