دہلی:۔کرناٹک اسمبلی انتخابات کے نتائج آنے کے ایک دن بعدہی یہاں کی ریاستی حکومت کے خلاف ایکشن کے موڈ میں مرکزی حکومت نظرآرہی ہے۔اس نے کرناٹک کے ڈی جی پی پروین سود کو سی بی آئی کا نیا ڈائریکٹر مقرر کرتے ہوئے ان کی تقرری کا حکم جاری کیا۔1986 بیاچ کے آئی پی ایس افسر سود، دو سال تک اس عہدے پر فائز رہیں گے۔ وہ مئی 2024 میں ریٹائر ہو رہے ہیں لیکن اس تقرری کے ساتھ ہی ان کی مدت ملازمت میں مئی 2025 تک توسیع کر دی گئی ہے۔ سی بی آئی کے موجودہ ڈائریکٹر سبودھ کمار جیسوال کی میعاد 25 مئی کو ختم ہو رہی ہے۔ سود اسی دن شامل ہو سکتے ہیں۔14مارچ کو کرناٹک اسمبلی انتخابات سے پہلے کانگریس کے ریاستی صدر ڈی کے شیوکمار نے انہیں نالائق کہا تھا۔ شیوکمار نے کہا تھا کہ ہمارے ڈی جی پی اس عہدے کیلئے موزوں نہیں ہیں۔ وہ 3 سال سے ڈی جی پی رہے ہیں، لیکن بی جے پی کارکن کی طرح کام کرتے ہیں۔ اس کے خلاف ایف آئی آر ہونی چاہیے۔شیوکمار نے الزام لگایا تھا کہ سود نے کانگریس کارکنوں کے خلاف 25 کیس درج کیے ہیں، لیکن بی جے پی لیڈروں کے خلاف ایک بھی کیس نہیں ہے۔ ہم نے الیکشن کمیشن سے بھی شکایت کی ہے۔ انہوں نے پروین سود کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔ شیوکمار نے کہا تھا کہ اگر انتخابات کے بعد کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو سود کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔واضح رہے کہ ہفتہ کی شام کو پی ایم مودی، چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وی ای چندرچوڑ اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر ادھیر رنجن چودھری کے درمیان میٹنگ ہوئی۔ خبر رساں ایجنسی کے ذرائع کے مطابق میٹنگ میں سی بی آئی ڈائریکٹر کے عہدے کیلئے 3 آئی پی ایس افسروں کا انتخاب کیا گیا۔ پی ایم مودی اور سی جے آئی ڈی وی ای چندر چوڑ نے پروین سود کے نام کو منظوری دی جبکہ ادھیر رنجن چودھری نے سود کے نام پر اعتراض کیا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے سی بی آئی کے قیام کے 60 سال مکمل ہونے پر ڈائمنڈ جوبلی پروگرام میں شرکت کی تھی۔ اپنے 25 منٹ کے خطاب میں وزیر اعظم نے سی بی آئی کے چھ دہائیوں کے سفر اور آنے والے چیلنجوں کے بارے میں بات کی تھی۔ انہوں نے سی بی آئی سے کہا تھا آپ کو کہیں رکنے کی ضرورت نہیں ہے۔ میں جانتا ہوں کہ جن کے خلاف آپ کارروائی کر رہے ہیں وہ بہت طاقتور لوگ ہیں، وہ برسوں سے حکومت اور نظام کا حصہ رہے ہیں۔سی بی آئی کے سربراہ کا انتخاب دو سال کی مدت کیلئے ایک کمیٹی کے ذریعے کیا جاتا ہے جس میں وزیر اعظم، سی جے آئی اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر شامل ہوتے ہیں اور ڈائریکٹر کی میعاد کار میں 5 سال تک کی توسیع کی جا سکتی ہے۔
