گجرات ہائی کورٹ نے موربی پل حادثہ کا لیا ازخود نوٹس

سلائیڈر نیشنل نیوز
گاندھی نگر :۔گجرات ہائی کورٹ نے موربی حادثے پر گجرات حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے۔ گجرات حکومت سے 14 نومبر تک جواب دینے کو کہا گیا ہے۔ موربی میونسپلٹی کو بھی نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ بتا دیں کہ ہائی کورٹ نے موربی حادثے کا ازخود نوٹس لیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق گجرات ہائی کورٹ نے ریاستی انسانی حقوق کمیشن کو بھی نوٹس جاری کیا ہے۔ کیس کی اگلی سماعت 14 نومبر کو ہوگی۔گجرات ہائی کورٹ نے چیف سکریٹری اور ہوم سکریٹری سے اگلے پیر (14 اکتوبر) تک پورے معاملے پر اسٹیٹس رپورٹ طلب کی ہے۔ کیس کی اگلی سماعت 14 اکتوبر کو ہوگی۔ ہائی کورٹ نے ایک اخباری رپورٹ کی بنیاد پر واقعے کا ازخود نوٹس لیا ہے۔دُوسری جانب گجرات کے ضلع موربی کی ایک عدالت نے موربی پل گرنے کے واقعے کے سلسلے میں اوریوا کمپنی کے دو منیجرز سمیت چار ملزمان کے پولیس ریمانڈ میں توسیع سے انکار کر دیا۔اس سے قبل یکم نومبر کو چاروں ملزمان کو پانچ نومبر تک پانچ دن کی پولیس حراست میں بھیج دیا گیا تھا۔ ہفتہ کو پولیس نے ملزم کے ریمانڈ میں توسیع کا مطالبہ کیا تھا۔ لیکن عدالت نے اس سے انکار کرتے ہوئے اسے عدالتی حراست میں بھیج دیا۔آپ کو بتاتے چلیں کہ کمپنی کے چار ملزمان میں سے دو اوریوا کمپنی کے منیجر ہیں، جنہیں یہ ٹھیکہ دیا گیا تھا، یہ دونوں ملزمان پل کی تزئین و آرائش سے متعلق معاملات کے انچارج تھے۔ دیگر دو کو پل کی دیکھ بھال کے لیے ذیلی ٹھیکے دیے گئے۔ان تمام ملزمان کے خلاف تعزیرات ہند (آئی پی ایس) کی دفعہ 304، 308، 336، 337 اور 114 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دونوں ملزم مینیجرز کے وکیل، دھرمیندر شکلا نے عدالت میں دلیل دی کہ استغاثہ کے دعویٰ کے برعکس، اوریوا گروپ اور موربی میونسپلٹی کے درمیان معاہدے میں پل کو دوبارہ کھولنے سے متعلق کوئی شرط نہیں رکھی گئی تھی۔