شیموگہ:۔امسال مئی کے مہینے میں ہوئی موسلادھار بارش کی وجہ سے شیموگہ شہر کے کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے تھے اور اس کے پیش نظر میونسپل کارپوریشن اور تعلقہ دفتر کے عہدیداروں کے ساتھ مل کر سیلاب زدہ مکانات کا سروے پیش کیا گیا تھا،لیکن اب تک متاثرین کو معاوضہ ادانہیں کیاگیاہے۔اس بات کااظہار کارپوریشن کی سابق اپوزیشن لیڈر یمونارنگے گوڈانے کیاہے۔انہوں نے اپنے اخباری بیان میں کہاکہ اس معاملے میں ضلعی انتظامیہ نے رپورٹ موصول ہونے کے بعد ایک ماہ میں بارش کے پانی کی وجہ سے تباہ ہونے والے متاثرین کو 10 ہزار اور بارش سے مکمل طور پر منہدم ہونے والے مکانات کو 5 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے لیکن اس نقصان کو ہوئے چھ ماہ گذرچکے ہیں اور بارشوں کا موسم ختم ہونے کے باوجود زیادہ تر متاثرین کو معاوضہ نہیں ملا ہے۔ ہم نے اس تعلق سے کئی بار تحصیلدار سے درخواست کی گئی لیکن اب تک اس تعلق سے کسی بھی طرح کے اقدامات اٹھائے نہیں گئے۔ضلع انتظامیہ اس جانب توجہ دے اور جن متاثرین کو معاوضہ نہیں ملا ان کو فوری معاوضہ فراہم کیا جائے۔
