بنگلورو:۔ریاست کی قیادت میں تبدیلی لانے کیلئے سرگرمیاں چل رہی ہیں،یہ بات صد فیصد درست ہے،وزیر اعلیٰ کی تبدیلی کے تعلق سے بھی وزراکا ایک گروہ تبادلہ خیال کررہاہے۔اس بات کااظہار ریاستی وزیربرائے مالگذاری آراشوک نےکیاہے۔انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ریاست کے وزراٗ دہلی میں ہائی کمان کے رابطے میں ہیں،ریاست کی قیادت میں تبدیلی کی خواہش جتائی جارہی ہے ۔اس تعلق سے کئی نشستیں بھی ہوچکی ہیں،لیکن میں اس وقت ان سرگرمیوں سے دو ر ہوں۔آراشوک نے مزید بتایاکہ قیادت کی تبدیلی کے تعلق سے میں زیادہ پریشان نہیں ہوں،اس وقت میں کوروناکی وبا کو قابو میں لانے ، آکسیجن اور بیڈ دلوانے کیلئے زیادہ کام کررہاہوں۔پہلے کوروناکوختم کیاجائیگا،اس کے بعد دوسرے معاملات پر توجہ دی جائیگی۔دریں اثنا ریاستی وزیر برائے پنچایت راج کے ایس ایشورپانے کہاکہ بی جے پی کے لیڈران کے اتحاد کو توڑنے میںاخبارات اور الیکٹرانک میڈیا کامیاب نہیں ہوپائینگے۔جب ان سے قیادت کی تبدیلی کے تعلق سے سوال کیاگیاتو انہوں نے بتایاکہ ٹی وی اور اخبارات کو خبروں کی ضرورت ہے،اس لئے وہ ایسی خبریں جاری کررہے ہیں۔بی جے پی کے اتحاد کو کوئی نہیں توڑ سکتا،رہی بات قیادت کی اس تعلق سے پارٹی ہائی کمان فیصلہ لے گی اور جو فیصلہ ہائی کمان لے گی اُس پر ہم پابندی سے عمل کرینگے۔ایک ٹی وی،ایک طرح کی خبرتو دوسری ٹی وی دوسری طرح کی خبرپیش کررہے ہیں،اُن خبروں پر اعتبارنہیں کیا جاسکتا۔جب تک میڈیامیں خبروں کی رسہ کشی ہوتی رہے گی،اُس وقت تک وزیر اعلیٰ یڈی یورپاکی معیادبھی مکمل ہوجائیگی۔جب نئے وزیر اعلیٰ حلف لے گیں،تب جاکر وزیر اعلیٰ کے تعلق سے ہورہی چہ مگوئیاں ختم ہوجائینگی۔ایشورپانے کہاکہ اس وقت ہم تک کوروناکے تعلق سے پریشان ہیں اُسی پر کام کررہے ہیں۔
