پھر ایک عاشق نے لیو-اِن میں رہنے والی معشوقہ کا کیا قتل، کرناٹک میں پیش آئے واقعہ کی پولیس تحقیقات شروع

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔شردھا والکر کے بہیمانہ قتل کی تحقیقات ابھی جاری ہے، اور اس درمیان عاشق کے ذریعہ معشوق کے قتل کی کئی واردات سامنے آ چکی ہیں۔ تازہ معاملہ کرناٹک کا ہے جہاں لیو-اِن میں رہ رہے عاشق نے کسی بات پر ناراضگی کے بعد معشوق کا قتل کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق معاملہ بنگلورو کے ہوراماوو کا ہے جہاں ایک خاتون کرشنا کماری کو اس کے لیو-اِن پارٹنر سنتوش دھامی نے مار ڈالا۔ بنگلورو ایسٹ ڈویژن کے ڈی سی پی بھیماشنکر ایس گلید نے اس واقعہ کے تعلق سے بتایا کہ کرشنا اور اس کے پارٹنر سنتوش کے درمیان کسی بات کو لے کر بحث ہوئی تھی۔ اس دوران سنتوش نے غصے میں آ کر کرشنا کا سر دیوار میں ٹکرا دیا۔ یہ ٹکر اس قدر شدید تھی کہ کرشنا کی موت ہو گئی۔اس واقعہ کی تحقیقات پولیس نے شروع کر دی ہے اور بتایا جا رہا ہے کہ بنگلورو پولیس نے ایک شخص کو گرفتار بھی کیا ہے۔ ایسی بھی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ کرشنا کماری نیپال کی رہنے والی تھی اور وہ بیوٹیشین کا کام کرتی تھی۔ پولیس نے یہ بھی جانکاری دی ہے کہ کرشنا اور سنتوش گزشتہ کئی سالوں سے ایک ساتھ رہ رہے تھے۔