بھٹکل:۔الیکشن ووٹر لسٹ سے بھٹکل اسمبلی حلقہ کے 18396 لوگوں کے نام غائب کئے گئے ہیں، جبکہ پورے ضلع اُترکنڑا سے 92516 لوگوں کے نام لسٹ سے ڈیلیٹ کئے گئے ہیں۔ یہ دھماکہ خیز اطلاع اُترکنڑا ڈسٹرکٹ کانگریس صدر بھیمنا نائک نے دی۔بھٹکل میں منعقدہ پریس کانفرنس سے بات کرتے ہوئے بھیمنا نائک نے بتایا کہ ریاست کرناٹک میں اگلےتین چار ماہ میں منعقد ہونے والے اسمبلی الیکشن کو دیکھتے ہوئے بی جے پی گندی سیاست کھیل رہی ہے اور سیکولر لوگوں کے ناموں کو ووٹرلسٹ سے غائب کیا جارہا ہے۔ بی جے پی ریاست میں ترقیاتی کام کرکے لوگوں کی اپنی طرف متوجہ کرنے کے بجائے،جن لوگوں کے ووٹ ملنے کی توقع نہیں ہے، اُن لوگوں کو ہی ووٹوں کے حق سے محروم کرنے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے۔ووٹر لسٹ ہاتھوں میں اُٹھاکر اخبارنویسوں کو دکھاتےہوئے بھیمنا نائک نے بتایاکہ ہما ر ے پاس ریاست بھر کے ووٹروں کی لسٹ ہےاور ریاست بھر میں کتنے لوگوں کے نام ڈیلیٹ کئے گئے ہیں، مکمل جانکاری حاصل کی گئی ہے۔ بھیمنا نائک نے بتایا کہ اُترکنڑا کی پوری لسٹ ہمیں کرناٹک کے کانگریس صدر ڈی کے شیوکمار نے فراہم کی ہے جس کومطالعہ کرنے سے پتہ چلا ہے کہ پورے ضلع کے چھ اسمبلی حلقوں میںجملہ 92516 لوگوں کے نام ووٹرلسٹ سے نکالے گئے ہیں۔ضلع میں کاروار اول نمبر پر ہے جہاں سب سے زیادہ نام ڈیلیٹ ہوئے ہیں، دوسرے نمبر پر بھٹکل ہے۔ بھیمنا نائک نے جو لسٹ جاری کی ہے، اس کی تفصیلات اس طرح ہے۔کاروار سے 19758، بھٹکل سے 18396، کمٹہ سے 15375، سرسی سے 13624، ہلیال سے 13537 اور یلاپور سے 11826 لوگوں کے نام ووٹرلسٹ سے غائب کئے گئے ہیں۔بھیمنا نائک نے بتایا کہ ضلع بھر کے کانگریس کارکنوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ گھر گھر جاکر ووٹروں کی تفصیلا ت جمع کریں، کن کن لوگوں کے نام کس وجہ سے ڈیلیٹ ہوئے ہیں، اس کی معلومات حاصل کریں اور جن لوگوں کے نام ووٹرلسٹ سے غائب ہوئے ہیں اُن کے نام واپس ووٹر لسٹ میں داخل کرنے کا کام شروع کریں۔ بھیمنا نائک نے بتایا کہ آج سے ہی کانگریس کارکنان اس کام کو شروع کریں گے اور بی جے پی ، واپس اقتدار حاصل کرنے کے لئے جس طرح کا غلط کام کررہی ہے، اُس کوشش میں ہم اُن کو کامیاب ہونے نہیں دینگے۔خیال رہے کہ اس سے قبل کانگریس صدر ڈی کے شیوکمار نے بتایا تھا کہ پوری ریاست کرناٹک سے27 لاکھ لوگوں کے نام ووٹرلسٹ سے ڈیلیٹ کئے گئے ہیں، پتہ چلا تھا کہ صرف بنگلور سے ہی 6 لاکھ لوگوں کے نام ووٹرلسٹ سے غائب کئے گئے ہیں۔ مگر آج یہ چونکانے والی اطلاع کانگریس کی طرف سے دی گئی ہے کہ بھٹکل کے 18 ہزار سے زائد لوگوں کے نام بھی ووٹرلسٹ سے غائب ہیں۔بتاتے چلیں کہ کانگریس کی طرف سے کرناٹک سے اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کے نام ووٹرلسٹ سے ڈیلیٹ کئے جانے کی شکایت الیکشن کمشنر سے کئے جانے کے بعد چار لوگوں کو گرفتا رکیا گیا تھا اور بعض جگہوں پر چھاپے بھی پڑے تھے۔ ووٹرلسٹ گھوٹالہ کو لے کر جانچ بھی جاری ہے، مگر انتخابات سر پر ہیں ۔ خدشہ ہے کہ سب سے زیادہ نام مسلمانوں کے ہی ووٹر لسٹ سے غائب ہوئے ہونگے، جن کے ووٹ ہمیشہ سیکولر پارٹیوں کو ہی ملتے ہیں۔
