گندی سیاست کیلئے مسلمانوں کانام ،لباس اور غذا کا ہورہاہے استعمال:ماہرِ تعلیم نرنجن آردھیا کاالزام

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شیموگہ:۔ایک کمزور اور پسماندہ طبقہ مانے جانے والے مسلم سماج کو سیاسی پارٹیاں اپنی گندی سیاست کیلئے استعمال کررہے ہیں ،یہ اس بات کاثبوت ہے کہ سیاست میں کسی کو بدنام کرنے کیلئے کسی کا بھی نام استعمال کیا جاسکتا ہے۔اس بات کااظہار ماہرِ تعلیم نرنجن آردھیانے کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کے نام،ٹوپی،لباس اور غذاکو سیاسی پارٹیاں اپنی گندی سیاست کیلئے استعمال کررہے ہیں یہ قابلِ مذمت ہے۔بی جے پی اپنی کمیونل اور نفرت آمیز سیاست کے طورپر اقلیتوں کو استعمال کررہی ہے،انتخابات قریب ہوتے وقت اس طرح کے غیر اخلاقی ہتھکنڈوں کا استعمال کررہی ہے۔جمہوری نظام کاقتل کرنے پرآمادہ بی جے پی گندی سیاست کررہی ہے،لیکن کانگریس پارٹی بھی اسی کے نقش وقدم پر چل رہی ہے،جسے دیکھ کر افسوس ہورہاہے اور یہ خدشہ ظاہرہورہاہے کہ کہیں کانگریس بھی بی جے پی کا روپ اختیارنہ کرلے۔آج ٹوپی،کپڑے او رنام پر سیاست کرنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ملک میں کئی طرح کے مسائل ہیں جن میں تعلیم کی نجکاری،تجارت اورفرقہ واریت کا رنگ دیاجارہاہے،غریبوں کی زندگی بدحال ہوچکی ہے،ہر جگہ بدعنوانی عام ہے،نوجوان بے روزگاری کا شکارہیں۔ملک کی املاک کو فروخت کیاجارہا ہے اور جھوٹ کی بنیادوں پر مذہبی منافرت پھیلاہی جارہی ہے۔ان مدعوں پر بات کرنے کی ضرورت ہے اور ان مسائل کو عوامی مسائل کے طورپر پیش کرتے ہوئے سیاست کرنے کی ضرورت ہے،لیکن مسلمانوں کوبنیاد بناکر سیاست کرنا درست نہیں ہے۔