بی جے پی ہائی کمان کی توجہ کرناٹک پر، پارٹی میں جلد تبدیلی کا امکان

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔گجرات میں بی جے پی کی بڑی کامیابی کے بعدبی جے پی اب کرناٹک میں مضبوطی سے ابھرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے ۔ کرناٹک کو زعفرانی پارٹی کے لیے جنوبی ہند کا گیٹ وے سمجھا جاتا ہے۔ ریاست میں چار ماہ کے اندر اسمبلی انتخابات ہونےوالے ہیں۔ پارٹی ہائی کمان انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے پارٹی میں تیزی سے تبدیلیاں کر سکتی ہے۔پارٹی کے اندرونی ذرائع کے مطابق کابینہ میں توسیع سمیت دیرینہ مسائل پر پارٹی کے اندر بات چیت کی جائیگی۔ پارٹی ہائی کمان تمام انتخابات میں مضبوط ہندوتوا اور ترقی کے نعرے کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے۔پارٹی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ گجرات اور ہماچل پردیش کے خطوط پر جہاں پارٹی نے سابق چیف منسٹر سمیت سینئر لیڈروں کو ٹکٹ نہیں دیا، کرناٹک میں بھی اس پر غور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس ڈر سے کہ انہیں ٹکٹ نہیں دیا جائے گا، کابینہ کے سینئر وزراء اور قانون سازوں نے نئی دہلی میں اپنے گاڈ فادرز کے ساتھ لابنگ شروع کر دی ہے۔پارٹی کے ریاستی صدر نلین کمار کٹیل نے اپنی میعاد پوری کر لی ہے اور ان کی نظر دوسری میعاد پر ہے۔ تاہم مرکزی وزیر شوبھا کرندلاجے، قومی جنرل سکریٹری اور بی جے پی ایم ایل اے سی ٹی۔ روی کے نام پر بات ہو رہی ہے۔توقع ہے کہ پارٹی بی جے پی کی مرکزی کمیٹی کے رکن بی ایس۔ یدی یورپا کے بیٹے پارٹی کے نائب صدر بی وائی وجیندرا کو پروموٹ کرنے کا سوچ جارہا ہے۔ انہیں ریاستی کابینہ میں 10 نئے چہروں میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ بی جے پی کے ریاستی انچارج ارون سنگھ کی جگہ کسی اور کو موقع دیا جا سکتا ہے۔کانگریس پارٹی کو بھی اندرونی سروے کے ذریعے اقتدار ملنے کے قوی امکانات نظر آرہے ہیں۔ اے آئی سی سی کی سابق صدر سونیا گاندھی کرناٹک آئیں اور اسی پس منظر میں انہوں نے بھارت جوڑو یاترا میں حصہ لیا۔ پارٹی کے ریاستی صدر ڈی کے شیوکمار اور قائد حزب اختلاف سدارامیا خود کو وزیر اعلیٰ کے امیدوار کے طور پر پیش کرنے کیلئےایک دوسرے سے مقابلہ کر رہے ہیں۔دوسری طرف جے ڈی (ایس) پارٹی اگلی حکومت کی تشکیل میں کنگ میکر بننے کے لیے اپنی پوری طاقت لگا رہی ہے۔ حکمراں بی جے پی نے کبھی بھی ریاستی اسمبلی انتخابات میں سادہ اکثریت حاصل نہیں کی ہے، لیکن اس بار پارٹی کا مقصد ‘آپریشن لوٹس’ کے بغیر اقتدار پر قبضہ کرنا ہے۔