ہبلی عیدگاہ میدان میں گنیش تہوارمنانےکیلئےکرناٹکا ہائی کورٹ نےمنظوری دی ہے۔آج اس سلسلے میں کرناٹکا ہائی کورٹ نے ہبلی دھارواڑ کارپوریشن کے کمشنر کواحکامات جاری کیے ہیں۔ہبلی عیدگاہ میدان میں گنیش اتسومنانے کیلئے کارپوریشن کی جانب سے فیصلہ لیاگیاتھا ، جس کے خلاف انجمن نے کرناٹکا ہائی کورٹ میں عرضی دائرکی تھی۔ہبلی دھارواڑ کارپوریشن نے عیدگاہ میدا ن میں گنیش تہوارمنانے کیلئے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے امسال گنیش تہوارمنانے کا فیصلہ کیاتھا،اس سلسلے میں اعتراض درج کرتےہوئے ہبلی کی انجمن نے ہائی کورٹ سے رجوع کیاتھا۔عدالت میں وکلاء کی بحث سننے کے بعد عدالت نے یہ فیصلہ سُنایاکہ اس تعلق سے کارپوریشن کمشنر فیصلہ لینگے۔دریں اثناء عدالت نے یہ بھی بتایاتھاکہ بنگلوروکے چامراج پیٹ عیدگاہ میدان کے تعلق سے سپریم کورٹ میں بحث جاری ہے،اس سلسلے میں سپریم کورٹ میں فیصلہ آنے کے بعد عرضی گذار عدالت سے دوبارہ رجوع کرسکتے ہیں۔دوسری جانب ہبلی عیدگاہ میدان کے اطراف واکناف پولیس کی سخت پہرے داری رکھی گئی ہے،عیدگاہ میدان کو دو حصوں کوتقسیم کیاگیاہے جس میں ایک حصہ گنیش تہوارکیلئے رکھاگیاہے اور اس حصے کو بریکیڈ لگائے ہیں۔عیدگاہ کے اندر اور باہر اے سی پی سطح کے افسروں کی تقرری کی گئی ہے۔عیدگاہ میدان میں تین دنوں تک گنیش اتسومنانے کا فیصلہ لیاگیاہے،باوجوداس کے کارپوریشن کمشنر اس بابت کیا فیصلہ لینگے یہ بھی ابھی انتظارکیاجارہاہے۔
