شیموگہ:۔ریاستی حکومت سے نئی پنشن اسکیم کو منسوخ کرنے اور پرانی پنشن اسکیم کو لاگو کرنے کیلئے این پی ایس ایمپلائیز ایسوسی ایشن کی جانب سے ریاستی حکومت کو یادداشت پیش کی گئی۔تنظیم کی جانب سے آج ڈپٹی کمشنر دفتر کے بالمقابل احتجاج کرتے ہوئے تنظیم کے کارکنوں نے ڈپٹی کمشنر کے ذریعے ریاستی حکومت کو میمورنڈم دیاگیا۔اپنی یادداشت میں بتایاگیاہے کہ نئی پنشن اسکیم بہت ہی ناقص ا سکیم ہے اور سرکاری ملازمین کی ریٹائرڈیمنٹ زندگی بدترین صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتاہے۔این پی ایس کو ختم کرنا مرکزی حکومت کا فیصلہ تھا اور ریاستی حکومتیں اسے تبدیل نہیں کرسکتی تھیں۔ لیکن 2022 کے ریاستی بجٹ میں راجستھان اور چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ اور پنجاب کی ریاستی حکومتوں نے این پی ایس کو منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے۔ فی الحال، ہماچل پردیش کی نئی حکومت نے بھی این پی ایس کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے،اسی لئے کرناٹک حکومت بھی نئی پنشن کو منسوخ کرتے ہوئے پرانی پنشن اسکیم کو لاگو کرے۔این پی ایس کے چار لاکھ ملازمین اور ان کے زیر کفالت افراد 19 دسمبر سے ریاستی سطح پر غیر معینہ مدت کی ہڑتال کرنے جا رہے ہیں۔ ریاستی حکومت کو اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے اور نئی پنشن اسکیم کو منسوخ کرنا چاہئے اور پرانی پنشن اسکیم کو لاگوکرنے کیلئے اقدامات اٹھائےجائیں۔اس احتجاج میں شیموگہ تعلقہ کے تمام سرکاری محکموں کے تقریباً ڈیڑھ ہزار ملازمین نے حصہ لیا۔
