امسال سے پانچویں اور آٹھویں جماعت کیلئے ہونگے پبلک امتحانات: ریاستی حکومت کا فیصلہ

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔ حکومت کرناٹکا کے محکمہ تعلیمات عامہ کی طرف سے جاری کیے گئے احکام کے مطابق ریاست کے اب پانچویں اور آٹھویں جماعت کے لئے بھی ‘سالانہ پبلک امتحانات ہونگے ۔ اسی تعلیمی سال 2022-23 سے اس حکم کا اطلاق ان تمام اسکولوں میں ہوگا جہاں پر اسٹیٹ سلیبس ہیں ۔بتایا گیا ہے کہ اسٹیٹ سلیبس والے اسکولوں میں بچوں کے تعلیمی معیارکوبڑھانے اور درس و تدریس کو بہتربنانے کیلئےان اسکولوں کی مجموعی صورتحال پر نظر رکھنے کے مقصد سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔محکمہ تعلیمات عامہ کی جانب سے اسکولوں کو بھیجے گئے سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ بچوں کی تعلیمی ترقی کا جائزہ لینے اور اس کی قدرپیمائی کے لئے مناسب اقدامات کیے جائیں اور اسکول کی سطح پر امتحانات منعقد کرنے کے لئے ضروری اقدامات کیے جائیں ۔ ریاستی حکومت نے امتحانات اور اس سے متعلقہ اخراجات کا بوجھ طلبہ نہ ڈالتے ہوئے اسے امتحانات منعقد کرنے والے سرکاری بورڈ کو ہی برداشت کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ سرکاری حکم نامہ کے مطابق پانچویں جماعت کے  امتحان کے امتحانی مرکز کیلئےایک مرکز میں کم از کم 25 اور آٹھویں جماعت کے امتحانی مرکز کیلئے کم از کم 50 طلبہ دستیاب رہنے چاہئیں ، ورنہ انہیں دوسرے قریبی اسکول کے مرکز میں شامل کیا جائیگا ۔