داونگیرے:۔وزیر اعظم نریندرمودی کرناٹک کے دورے پر جتنی دفعہ بھی آئیں،اس سے یہاں کوئی فرق نہیں پڑیگا،ان کی آمد سے بی جے پی کی جیت ممکن نہیں ہے۔اس بات کااظہار سابق وزیر اعلیٰ سدرامیانے کیاہے۔انہوں نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اسمبلی انتخابات کیلئے وزیر اعظم نریندرمودی ،وزیر داخلہ امیت شاہ کاجادو نہیں چلے گا،حالانکہ امیت شاہ جادو کرسکتے ہیں لیکن اُن کے جادو کااثر کرناٹک کے لوگوں پر نہیں پڑیگا۔ہماچل پردیش میں بی جے پی کو شرمناک شکست ہوئی ہے ،اس کے علاوہ بی جے پی ملک کے بیشتر ریاستوں میں اپناوجود قائم نہیں کرسکتی ہے،اسی طرح سے کرناٹک میں بھی ان کےجادو کا اثرنہیں ہوگا،عوام کو بی جے پی کی گھٹیا عادتوں کا پتہ لگ چکاہے۔مزید انہوں نے کہاکہ کلسا بنڈوری نہرکے تنازعے کے تعلق سے جو تنازعہ پیداہوا ہے وہ الیکشن کا مدعہ ہے ، یہ سب مدعے اب نہیں چلیں گے،اس نہرکے تعلق سے دو سال قبل ہی گیزیٹ نوٹیفکیشن جاری کیاگیاہے،ان دوسالوں تک حکومت کیا کررہی تھی؟۔مرکز اور ریاست میں بی جے پی کی حکومت ہے ،لیکن کیوں اب تک اس مسئلے کوحل نہیں کیاگیا،جلدہی کانگریس پارٹی کی جانب سے ہبلی میں جلسے کاانعقادکیاجائیگا،جس میں لوگوں کے سامنے حقیقت بیان کی جائیگی۔
