عمران پرتاپ گڑھی کو کانگریس نے سونپی بڑی ذمہ داری

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) نے آج تنظیم میں کئی سطح پر تبدیلیاں کیں، جن میں سب سے بڑی تبدیلی یہ رہی کہ عمران پرتاپ گڑھی کو اقلیتی ڈیپارٹمنٹ کا چیئرمین بنا دیا گیا ہے۔ یہ خبر آج کانگریس نے بذریعہ پریس ریلیز دی، جس میں بتایا گیا کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی نے عمران پرتاپ گڑھی کو فوری اثر سے اے آئی سی سی اقلیتی ڈیپارٹمنٹ کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ اب تک یہ ذمہ داری ندیم جاوید سنبھال رہے تھے اور کانگریس نے ان کی کارگزاریوں کی تعریف بھی کی۔اس کے علاوہ کچھ ریاستوں میں اے آئی سی سی سکریٹریوں کی بھی تقرری کی گئی ہے جن کو اے آئی سی سی انچارج کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے۔ اس فہرست میں عمران مسعود کا بھی نام شامل ہے جنھیں دہلی کا سکریٹری بنایا گیا ہے۔ سنجے دت کو ہماچل پردیش کا سکریٹری بنایا گیا ہے جو کہ اس سے قبل تمل ناڈو اور پڈوچیری میں اے آئی سی سی سکریٹری انچارج تھے۔ علاوہ ازیں رکن پارلیمنٹ سپتگری سنکر الکا کو چھتیس گڑھ، رکن اسمبلی دیپیکا پانڈے سنگھ کو اتراکھنڈ اور برج لال کھبری کو بہار کا سکریٹری بنایا ہے۔ ان سبھی کو آئی سی سی انچارج کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے۔