کیا بھٹکل جے ڈی ایس میں ہو سکتا ہے بڑا دھماکہ ؟ گنپیّا گوڈا نے سنیل نائک کی حمایت کے ساتھ فلیتہ میں آگ لگانے کا دیا اشارہ !

اسٹیٹ نیوز
بھٹکل:۔آئندہ دنوں میں درپیش اسمبلی الیکشن کے پیش نظر سیاسی مقابلہ آرائی میں لنگوٹ اور پالہ بدلنے کا سلسلہ شروع  ہو چکا ہے جس کی خبریں مختلف علاقوں سے  سننے کو مل رہی ہیں اور ملتی رہیں گی ۔ اگر بھٹکل ہوناور اسمبلی حلقہ کی بات کریں تو ایسا لگتا ہے کہ یہاں جنتا دل ایس کے اندر سب کچھ ٹھیک ٹھاک نہیں ہے اور اندرونی گروہ بندی کا کھیل کوئی نیا رنگ دکھانے والا ہے ۔ کیونکہ جنتا دل ایس کے ضلع صدر اور با اثر سیاسی لیڈر گنپیّا گوڈا نے جنتا دل کے پٹاخے کے فلیتے میں آگ لگانے کا اشارہ دیتے ہوئے بی جے پی کے رکن اسمبلی سنیل نائک کی نہ صرف ستائش کی ہے بلکہ ضرورت پڑنے پر سنیل نائک کی حمایت میں کھڑے رہنے کا تیقن دیا ہے ۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق  ہوناور کے قریب گُنونتے کے مندر کے لئے سنیل نائک نے اپنے ذاتی خرچ  سے جو مہادوار (بڑا دروازہ) تعمیر کروایا تھا اس کے افتتاحی پروگرام میں جنتا دل کے ضلع لیڈر گنپیّا گوڈا نے سنیل نائک کی ستائش کی اور ان کے لئے بھگوان سے دعائیں کرتے ہوئے کہا کہ بھگوان تمہارا بھلا کرے ۔ تمہارے لئے ہمیشہ میرا آشیرواد رہے گا ۔ اگر تمہیں بی جے پی سے ٹکٹ نہیں ملا تو تمہیں ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ جے ڈی ایس کے دروازے تمہارے لئے کھلے ہیں ۔ ہم تمہارا ساتھ دینے کے لئے تیار کھڑے ہیں ۔ گوڈا نے کہا کہ سنیل نائک اگرچہ اس وقت بی جے پی میں ہیں ، لیکن ان کا پس منظر جنتا دل کا ہے ۔  ماموں دامودر گرڈیکر نے  دو دفعہ اسمبلی اور ایک مرتبہ پارلیمانی الیکشن لڑا تھا ۔ اُس وقت سنیل کے والد بی کے نائک جے ڈی ایس تعلقہ صدر تھے ۔ ان کے خاندان میں صرف سنیل نائک نے بی جے پی  میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ ہم دونوں کی پارٹیاں الگ الگ ہیں مگر ہماری دوستی میں کوئی فرق نہیں آیا ہے ۔ پارٹیوں کے اصول اور نظریات الگ ہونے کے باوجود آپسی تعلقات اور روابط  پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے ۔ میں نے پارٹی کے اصولوں کو کبھی نہیں چھوڑا ہے ۔ مگر ذاتی طور پر میرے اچھے تعلقات سب کے ساتھ ہیں ۔ جنتا دل ایس کے ضلع صدر گنپیّا گوڈا کی اس بات چیت کا آڈیو آج کل سوشیل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے اور اس پر سیاسی چہ میگوئیاں زور پکڑنے لگی ہیں ۔ سیاسی حالات پر نظر رکھنے والے گنپیّا گوڈا کی بات کا ایک مطلب یہ لے رہے ہیں کہ اگر سنیل نائک کو بی جے پی سے ٹکٹ نہیں دیا گیا تو پھر بھٹکل ہوناور حلقہ میں انہیں اپنا امیدوار بنانے کے لئے جنتا دل ایس تیار ہے ۔ اس کا دوسرا یہ مطلب بھی نکالا جا رہا ہے کہ عنایت اللہ شاہ بندری جو امیدوار بننے کے لئے ٹکٹ حاصل کرنے کی بھاگ دوڑ میں لگے ہِیں اسے جنتا دل ایس کے ضلع صدر اور ان کا گروہ کسی شمار و قطار میں نہیں رکھتا اور مانتا ہے کہ دوسرے امیدوار کے لئے اپنی پارٹی کے  دروازے ابھی کھلے ہوئے ہیں ۔ اس کا ایک مطلب یہ بھی نکالا جا رہا ہے کہ اگر جنتا دل ایس اس حلقہ سے اپنا امیدوار میدان میں نہیں اتارتی یا پھر گنپیّا گوڈا کی مکمل حمایت نہ رکھنے والا امیدوار میدان میں آتا ہے تو بی جے پی کے نظریات سے اختلافات کو طاق پر رکھتے ہوئے گنپیّا گوڈا یعنی جنتا دل ایس اپنی بحیثیت بی جے پی امیدوار بھی سنیل نائک کی حمایت کرنے کے لئے تیار ہے ۔ سیاسی حلقوں میں اس بات پر کانا پھوسی ہو رہی ہے کہ گنپیّا گوڈا کی بات چیت کا چاہے کوئی بھی مطلب نکالا جائے ، مگر اس کا منفی اثر  بہر حال جنتا دل ایس سے امیدوار بننے کے خواہشمند جناب عنایت اللہ شاہ بندری کے مستقبل پر پڑنا لازمی ہے ۔ کیونکہ اپنی پارٹی کے لئے اس حلقہ سے امیدوار کا نام  تجویز کرنے کا اختیار گنپیّا گوڈا اور ان کی ٹیم کو ہے ۔ اور سچائی یہ ہے کہ پارٹی کو مستحکم کرنے اور الیکشن میں پارٹی کی جیت کو یقینی بنانے کے لئے جب کمارا سوامی حال ہی میں بھٹکل دورے پر آئے تھے تو جلسے کے انعقاد میں ضلع صدر گنپیّا گوڈا اور ان کی ٹیم کی عدم دلچسپی صاف ظاہر ہو رہی تھی اور میدان میں لگی ہوئی خالی کرسیاں اس بات کی چغلی کھا رہی تھیں کہ عوام کو کثیر تعداد میں اس جلسے میں جمع کرنے کی کوشش میں دونوں گروہ ناکام رہے ہیں ۔ اس پر خود کمارا سوامی نے اپنی بے اطمینانی کا اظہار کیا تھا ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اب اگر عنایت اللہ شاہ بندری صاحب اپنی دیرینہ خواہش اور کوشش کے پیش نظر میدان میں اترنے پر بضد رہتے ہیں تو سب سے پہلے تنظیم سے ان کی امیدواری کے حق میں فیصلہ ہونا ہے ۔ انتظامیہ اور سیاسی پینل کی سطح پر تنظیم میں بظاہر جو حالات نظر آتے ہیں اس کے مطابق اگر تنظیم انہیں امیدوار بنانے  پر راضی ہوجاتی ہے تو پھر انہیں گنپیّا گوڈا اور ان کی پوری ٹیم کی زبانی اور عملی حمایت حاصل کرنے کے مرحلے سے گزرنا ہوگا جو کہ گوڈا کے حالیہ بیان کے پس منظر میں آسان نہیں لگتا ۔ اور دونوں صورتیں جناب عنایت اللہ شا ہ بندری کے سیاسی مستقبل کے لئے اچھی علامتیں نہیں کہی جا سکتیں ۔ گنپیّا گوڈا کے حالیہ بیان کا سنجیدگی اور گہرائی سے تجزیہ کریں تو جو سگنل مل رہے ہیں اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر عنایت اللہ شاہبندری کسی طور جنتا دل ایس کے امیدوار بنتے ہیں تو گنپیّا گوڈا اور ان کی ٹیم پورے اخلاص کے ساتھ عنایت اللہ کے ساتھ کھڑی ہوگی یا نہیں ۔ اس پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ اور اگر بالفرض کسی وجہ سے عنایت اللہ شاہبندری جنتا دل ایس کے نمائندہ کے طور پر میدان میں نہیں آتے تو پھر صاف ظاہر ہے کہ جنتا دل ایس کا ایک بہت بڑا طبقہ الیکشن میں سنیل نائک کی حمایت کرے گا، چاہے وہ بی جے پی کے امیدوار ہی کیوں نہ ہوں ۔