بھٹکل انجمن پی یو کالج فورگرلز اور بوائز کے شاندار نتائج پر بھٹکل کمیونٹی جدہ کی طرف سے پرنسپال کوپچاس پچاس ہزار روپیہ نقد انعام

اسٹیٹ نیوز
بھٹکل:۔ طلبہ و طالبات جب امتیازی نمبرات سے کامیاب ہوتے ہیں تو مختلف اداروں نیز علاقائی اسپورٹس سینٹروں کی طرف سے طلبہ و طالبات کو انعام واکرام سے نوازا جاتا ہے اور ٹاپ آنے پر گولڈ میڈلس وغیرہ کے ذریعے بھی ان کی حوصلہ آفزائی کی جاتی ہے، مگر اُن کو پڑھانےوالے اساتذہ نظر انداز کردئے جاتے ہیں، مگر اِس بار بھٹکل کمیونٹی جدہ نے انوکھا طریقہ اختیارکرتے ہوئے کالج کے شاندار نتائج کے لئے پرنسپال کوشاباشی دی ہے اور اُن کو نقد انعام پیش کرتے ہوئےاُن کی حوصلہ آفزائی کی ہے۔بھٹکل کمیونٹی جدہ کے صدر عبدالسلام دامدا ابو نے اپنی بھٹکل تشریف آوری کے دوران کالج پہنچ کر بھٹکل انجمن پی یو کالج (بوائز) کے پرنسپال محمد یوسف کولا اور انجمن پی یو کالج فور ویمن کی پرنسپال ڈاکٹر فرزانہ محتشم کو فی کس پچاس پچاس ہزار روپیہ نقد انعام کےساتھ تعریفی اسناد (Certificate of Appreciation) سے نوازا۔ انہوں نے بتایا کہ اِس بار انجمن پی یو کالج کے جو شاندارنتائج آئے ہیں، اُس کے لئے اسٹودینٹس کی محنت کے ساتھ ساتھ کالج پرنسپال کی محنت اور اُن کی فکر بھی کار فرماں ہے۔یاد رہے کہ اِمسال انجمن پی یو کالج فور ویمن کے پی یو سی دوم کے نتائج نہایت شاندارنکلے ہیں۔ جیسا کہ ساحل آن لائن پر پہلے ہی نتائج کے تعلق سے تفصیلی رپورٹ شائع ہوچکی ہے، اِمسال ویمن کالج سے شعبہ سائنس میں 86 طالبات امتحان میں شریک ہوئی تھیں، صرف ایک طالبہ ناکام رہی تھی سب سے اہم بات یہ ہے کہ طالبات صرف کامیاب نہیں ہوئیں بلکہ کامیاب ہونے والی85 طالبات میں 32 طالبات نےامتیازی مارکس بھی حاصل کئے ہیں۔ شعبہ کامرس میں 136 طالبات میں صرف تین طالبات ناکام ہوئیں جبکہ 49 نے امتیازی نمبرات حاصل کئے، اسی طرح شعبہ آرٹس میں 79 طالبات میں صرف ایک طالبہ ناکام ہوئی۔ ایسی شاندار کامیابی پربھٹکل کمیونٹی جدہ نے پرنسپال ڈاکٹر فرزانہ محتشم کے کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں پچاس ہزار روپیہ نقد انعام سے نوازا۔انجمن پی یو کالج (بوائز) کے شعبہ سائنس سے 136 میں 131 طلبہ کامیاب ہوئے، شعبہ کامرس سے 81 طلبہ میں سے 77 کامیاب ہوئے جبکہ شعبہ آرٹس میں 12 طلبہ امتحان میں شریک ہوئے تھے اور تمام 12 طلبہ کامیاب ہوئے۔ اس طرح قریب 96 فیصد کامیابی درج کی گئی۔ بھٹکل کمیونٹی جدہ کی طرف سے صدرعبدالسلام دامداابو نے کالج پرنسپال محمد یوسف کولا کی ستائش کرتے ہوئے طلبہ پر مزید محنت کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے جماعت کی جانب سے 50 ہزار روپیہ نقد انعام سمیت تعریفی اسناد سے نوازا۔ اس موقع پر انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے جنرل سکریٹری صدیق اسماعیل اورانجمن آئی ٹی سکریٹری انصار دامداابو موجود تھے۔