ٹکٹ کےدعویداروں کیلئےکے پی سی سی کے صدرنے دیاجھٹکا; ٹکٹ دیتے وقت نئے چہروں کودی جائیگی اہمیت:ڈی کے شیوکمار

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔ہماچل پردیش کے طرز پر کرناٹک میں بھی کانگریس پارٹی اقتدارمیں آنےوالی ہے،اس بات کی پیشن گوئی کے پی سی سی صدرڈی کے شیوکمارنے کی ہے۔انہوں نے آج نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے گجرات میں زیادہ نشستوں پر کامیاب ہونے کی اُمیدکی تھی،لیکن وہاں پرآپریشن کنول کرتے ہوئے الیکشن کیاگیا،ہماچل پردیش میں بدعنوانی زیادہ دن نہیں چلے گی یہ عوام نے ثابت کردیاہے۔ہمارے لیڈروں نے ہماچل پردیش میں اچھی تشہیرکی ہے اور وہاں کی عوام نے بھی کانگریس کے ایجنڈے کو قبول کیاہے۔مزید انہوں نے کہاکہ ہماچل پردیش میں اگر بی جے پی چاہے تو آپریشن کنول کرسکتی ہے،ہم اس کااستقبال کرینگے۔کرناٹک کے اسمبلی انتخابات کے دوران بھلے ہی وزیر اعظم نریندمودی ہردن تشہیر کریں،اس سے ریاست میں کوئی اثرنہیں پڑیگا۔پچھلی دفعہ کرناٹک میں دس فیصد کمیشن کی حکومت تھی،لیکن اب چالیس فیصد کمیشن کی حکومت چل رہی ہے۔ڈی کے شیوکمارنے کہاکہ اس دفعہ اسمبلی انتخابات کیلئے ہم پارٹی کوفائدہ پہنچانے والے اُمیدواروں کو ٹکٹ دینگے،نئے چہروں کو اہمیت دی جائیگی،اُمیدواروں کی صلاحیت اورمقبولیت کی بنیادپرٹکٹ دیاجائیگا،بھلے پارٹی میں باغی اُمیدوار پیدا ہوں ہم اس کی پروا ہ نہیں کرینگے،ہماری حکمت عملی ایک ہی دن میں بیان نہیں کرینگے۔کرناٹک میں بی جے پی غنڈہ راج قائم کرنے کی راہ پر ہے،اس لئے غنڈوں کو پارٹی میں شامل کررہی ہے۔اس دفعہ ٹکٹ کیلئے1350 لوگوں نے عرضیاں دی ہیں،تمام کے ساتھ تبادلہ خیال کیاجائیگا،اگر پارٹی اقتدارمیں آتی ہے توہم تمام کو موقع فراہم کرسکتے ہیں۔صرف ایم ایل اے ہی نہیں بلکہ350 بورڈ وکارپورپشن کے عہدے ہیں،75 ایم ایل سی،16 راجیہ سبھاکی نشستوں کو بھی ہماری پارٹی سے ہی پُر کیاجائیگا، کانگریس سے ایم ایل اے بننے کی خواہش میں1350 کارکنوں نے عرضیاں دی ہیں،سب کوٹکٹ دینا ممکن نہیں ،البتہ سب کیلئے پارٹی میں موقع فراہم کیاجائیگا۔