شیموگہ:۔شیموگہ اسمبلی حلقے کے رکن اسمبلی کے ایس ایشورپانےمنگلورومیں وجئے سنکلپ یاتراکے دوران مسلمانوں کےمذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچاتے ہوئے اذان اور اللہ کے خلاف توہین آمیزالفاظ کااستعمال کیاہے۔اس سلسلے میںرکن اسمبلی ایشورپاکے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایس ڈی پی آئی کی جانب سےاحتجاج کیاگیا اور ڈپٹی کمشنر کو یادداشت پیش کی گئی۔اس موقع پراحتجاجیوں نے کہاکہ منگلوروکے کائور میں بی جے پی کےجلسےمیں ایشورپا نے اذان کو لیکر متنازعہ بیان دیاہے،اس کے علاوہ اللہ کے تعلق سے بھی نازیبا الفاظ کا استعمال کیاہے،مسلم سماج کو نشانہ بناتے ہوئےدوسرے سماج کےلوگوں کو مشتعل کرنے اور شہرمیں فسادات برپاکرنے کی کوشش کی ہے،جبکہ رات دس بجے سے صبح چھ بجے تک سپریم کورٹ کے لائوڈ اسپیکرکے فیصلے کو غلط طریقے سے پیش کیا جارہا ہے ،اس طرح سےمسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلائی جارہی ہے۔میمورنڈم میں کہاگیاہے کہ اذان اللہ کو سننانے کیلئے نہیں بلکہ لوگوں کو نمازکو بلانے کیلئے دی جاتی ہے،مگر ایشورپااپنی سیاسی مفادکی خاطر اس طرح کی بیان بازی کررہے ہیں،اس لئے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
