شیموگہ:۔شیموگہ سمیت پوری ریاست کو دہلادینے والاہنسوڑو معاملے کے ملزمین کو آج ضمانت ملنے کی بات سامنے آئی ہے۔ اس معاملے میں جملہ 10 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا جس میں 5 کی ضمانت کو عدالت نے منظور کیا ہے اور بقیہ 5 لوگوں کی ضمانت کو نامنظور کردیا گیا ہے۔ معاملے سے جڑی تفصیلات میں بتایا جارہا ہے کہ پورے ملک کی توجہ مبذول کروانے والے ہولناک دھماکہ جس نے شیموگہ شہر کو سکتہ میں ڈال دیا تھا۔ اس کیس کی جانچ پڑتال کے دوران جملہ 10 ملزمین کو پولیس نے گرفتارکیا ہے۔عدالت میں انکی چارج شیٹ بھی داخل کی گئی ہے۔ دیڑھ ماہ بعد ملزمین نےضمانت کا مطالبہ کرتے ہوئے عرضی دائر کی تھی۔ پوچھ گچھ کے بعد یہاں کی اہم ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ کےجج مصطفیٰ حسین نے ہنسوڑو دھماکہ کی جگہ کے مالک اوروہاں کام کررہے دیگر 4 افراد کی ضمانت منظور کی ہے۔ کانکنی چلارہے زمین کے مالک این ٹی کلکرنی، انکے بیٹے اویناش کلکرنی سمیت کانکنی میں کام کررہے ممتاز احمد، رشیداورنرسمہا کو عدالتی شرائط کے تحت ضمانت منظور ہوئی ہے۔ باقی آندھرا پردیش کے رائےدورگا کے ساکن جودھماکہ خیز اشیاء کا ذخیرہ کئے ہوئے گودام کا مالک بتایا گیا ہے ، پی شری راملواور انکے بیٹے پی منجوناتھ سائی، پرتھوی راج سائی، گودام میں کام کررہے وجئے کمار اور پتھر کی کانکنی کے مالک سودھاکر کی ضمانت کومسترد کردیا گیا ہے۔
