بی جے پی کی نئی کارستانی ؛ بجلی بل اد نہ کرنے کیلئےداونگیرے میں پیٹا گیا ڈھنڈورا

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
داونگیرے:۔ کانگریس کی طرف سے مفت سہولتوں کو جاری کرنے کے لئے بی جے پی کسی نہ کسی طور پر سخت دباو بنانے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے۔ اب لوگوں کو اکسانے والے اخباری بیانات سے آگے بڑھ کر اس نے داونگیرے تعلقہ کے متّی گرام پنچایت کے گونی واڑہ گرام میں ڈھنڈورا پیٹ کر بجلی کا بل نہ بھرنے کا اعلان کروایا ہے۔موصولہ اطلاع کے مطابق ایک ان پڑھ شخص پرشو رامپّا کو رقم دے کر ڈھنڈورا پیٹتے ہوئے یہ عام منادی کرنے کیلئے کہا گیا کہ ” وزیر اعلیٰ سدارامیا اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار نے حکم جاری کیا ہے کہ آج  کے بعد کسی کو بھی بجلی کا بل ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔” اس طرح منادی کرنے کا ویڈیو کلپ سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس طرح ڈھنڈورا پیٹ کر منادی کرنے کے لئے گاوں کے ان پڑھ شخص کو بی جے پی کے ایک لیڈر نے پیسے دئے تھے اور زبردستی اس سے یہ کام کروایا گیا ہے ۔ مذکورہ شخص کے لڑکے آنند نے بتایا کہ ” میرے والد ان پڑھ ہیں ۔ گاوں کے لیڈروں نے اس طرح ڈھنڈورا پیٹنے کے لئے میرے والد سے کہا تھا اس لئے انہوں نے یہ اعلان کیا تھا ۔ چونکہ وہ گاوں کے ایک ڈھنڈورچی ہیں اس لئے گاوں میں کسی بھی معاملے پر عوام کو اطلاع دینے کے لئے گاوں کے لیڈران میرے والد کو ڈھنڈورا پیٹنے کے لئے کہتے ہیں۔ مقامی کانگریسی لیڈروں نےبتایاکہ "کانگریس کی حکومت آ گئی ہے۔ بی جے پی والوں سے یہ برداشت نہیں ہو رہا ہے۔ کچھ لوگ گھر میں خاموشی سے بیٹھ نہیں پا رہے ہیں ۔ منشور میں جو پانچ گیارنٹیاں دی گئی تھی اسے چند ہی دنوں میں صرف ہمارے گاوں کے لئے نہیں بلکہ پوری ریاست کے عوام کے لئے جاری کر دیا جائے گا۔ بی جے پی والے یہ جو بلا وجہ عوام کو گمراہ کرنے کا تماشہ کرکے خوش ہو رہے ہیں ، یہ صحیح نہیں ہے۔نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے اس معاملے پر بولتے ہوئے کہا : بی جے پی والوں کے پاس کرنے کے لئے کچھ کام نہیں ہے ، اس لئے عوام کو حکومت کے خلاف اکسانے کا کام کر رہے ہیں ۔ ہم بسونّا اور کویمپو کی ریاست والے ہیں ۔ جو کہتے ہیں وہ کرکے دکھاتے ہیں۔ ڈی کے شیوکمار نے بی جے پی والوں سے کہا کہ ہم گیارنٹی کی اسکیمیں جاری کردیں گے۔ تب تک ہر ایک شخص کے کھاتے میں پندرہ لاکھ روپے جمع کرنے کے علاوہ دیگر وعدوں کو بی جے پی والے پورا کرکے دکھائیں۔