دہلی:۔کوویڈ 19 کی وجہ سے سعودی حکومت نے امسال عازمین حج کے سفر کو محدود کرتے ہوئے محض 60 ہزار عازمین کیلئے حج بیت اللہ کی اجازت دی تھی۔ اس کے پیش نظر سعودی عرب نے محض اندرون ملک کے عازمین کو حج بیت اللہ کی اجازت دی ہے۔ اب تک اندرون ملک کے عازمین کی طرف سے 4 لاکھ سے زیادہ افراد نے حج بیت اللہ کیلئے درخواستیں دی ہیں۔ دوسری جانب بھارت نے کوویڈ 19 کی وجہ سے بھارتی مسلمانوں کو حج بیت اللہ کیلئے اجازت نہیں دی ہےاورامسال حج کی تمام سرگرمیوں کو معطل کردیا ہے۔ ایک طرف حج بیت اللہ کیلئے محدود عازمین کی اجازت دی گئی ہے تو دوسری جانب سعودی حکومت نے محرم کے بغیر خواتین کو حج کی اجازت دی ہےاور ان خواتین کو بھی آن لائن رجسٹریشن کروانا ہوگا۔ سعودی حکومت کے اس فیصلے کے بعد مذہبی حلقے میں محرم کے بغیر حج کے معاملے پر سوال اٹھایا جارہاہے۔
