ہم جنس پرستی انسانی فطرت کیخلاف، اس کا تہذیب سے کوئی تعلق نہیں ہے: امام کعبہ

انٹرنیشنل نیوز سلائیڈر

ریاض؛۔امام کعبہ شیخ ڈاکٹر فیصل غزاوی نے کہا کہ اللہ تعالی نے اپنے بندوں کو درست جبلت پر ہی پیدا کیا ہے۔ ہم جنس پرستی انسانی فطرت کیخلاف ہے اور اس کا تہذیب سے کوئی تعلق نہیں ہے۔شیخ فیصل غزاوی نے مسجد حرام میں جمعہ کے خطبہ کے دوران کہا کہ اللہ تعالی نے ایک مرد اور عورت کے درمیان انسانی نکاح کو ایک عالمی قانون بنایا ہے لیکن شیطان بندے کے لیے یہ چاہتا ہے کہ وہ حدود الٰہی سے تجاوز کر جائے اور ناگوار کام میں مبتلا ہو جائے۔امام کعبہ شیخ ڈاکٹر فیصل غزاوی نے متنبہ کیا کہ آج صورت حال اس قدر بگڑ گئی ہے کہ انسان فطرت کے خلاف ٹکرا گیا۔ مرد کو مرد اور خاتون کو خاتون کے ساتھ شادی کرنے کے قانون منظور کیے جا رہے ہیں۔ حتی کے جانوروں کے ساتھ شادی تک کو درست کہا جارہا ہے۔ یہ جنسی بگاڑ اور کجروی ہے۔ شیطان نے انسان کے لیے ہر قسم کی فحاشی کو ترقی اور تہذیب بنا دیا ہے۔ اس قدر بگاڑ آگیا ہے کہ ہم جنس پرستی کی مخالفت کرنے والے کو پسماندہ اور انتہا پسند سمجھا جانے لگا ہے۔جبلت پلٹ گئی اور انسان پاکیزگی کے مقابلہ میں بے حیائی اور نیکی کے مقابلے میں برائی کا شکار ہوگیا۔ اخلاقی گرواٹ نے انسانیت کو حیوانیت کے گڑھے میں پھینک دیا ہے۔