دہلی:(انقلاب نیوزبیورو):۔دہلی اورممبئی جیسے شہروں میں سی این جی اور پی این جی (پائپڈ کوکنگ گیس) کی قیمتیں اکتوبر میں 10-11 فیصد بڑھ سکتی ہیں۔ آئی سی آئی سی آئی سیکورٹیز کی ایک رپورٹ میں اس کا اندازہ لگایا گیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ گیس کی قیمتوں میں تقریباََ 76 فیصد اضافہ ہونے والا ہے ، جس کا اثر سی این جی اور پی این جی کی قیمتوں پر بھی پڑے گا۔حکومت گیس زائدممالک کے ریٹ استعمال کرتی ہے۔ حکومت تیل اورقدرتی گیس کارپوریشن (ONGC)جیسی کمپنیوں کو نامزدگی کی بنیاد پر مختص کردہ فیلڈز کے لیے ہر چھ ماہ بعد قدرتی گیس کی قیمتوں کاجائزہ لیتی ہے۔ اگلا جائزہ یکم اکتوبر کو ہوگا۔بروکریج کمپنی نے کہاہے کہ اے پی ایم یا انتظامی شرح یکم اکتوبر 2021 سے 31 مارچ 2022 تک بڑھ کر 3.15 ڈالر فی یونٹ (ایم ایم ٹی ٹی یو) ہو جائے گی۔ فی الحال یہ $ 1.79 فی یونٹ ہے۔قدرتی گیس ایک خام مال ہے جسے گاڑیوں میں استعمال کے لیے CNG اوررسوئی میں استعمال کرنے کے لیے پی این جی میں تبدیل کیا جاتا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اے پی ایم گیس کی قیمتوں میں اضافہ سٹی گیس ڈسٹری بیوشن (سی جی ڈی) کمپنیوں کے لیے ایک چیلنج ہوگا۔اس کا مطلب یہ ہے کہ ان کے لیے سی این جی اور پائپڈ قدرتی گیس کی قیمت بڑھ جائے گی۔ اندرپراستھا گیس لمیٹڈ ، ایک کمپنی جودہلی اور ملحقہ علاقوں میں سی این جی تقسیم کرتی ہے کو اگلے ایک سال کے دوران قیمتوں میں خاطر خواہ اضافہ کرنا پڑے گا۔ اسی طرح کا قدم ایم جی ایل کو اٹھانا پڑے گا ، جو ممبئی میں سی این جی سپلائی کرتی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سٹی گیس کی تقسیم کار کمپنیوں کو قیمتوں میں 10-11 فیصد اضافہ کرنا پڑے گا۔اپریل 2022 سے ستمبر 2022 کے دوران بین الاقوامی منڈیوں کے رجحان کے مطابق اے پی ایم گیس کی قیمت بڑھ کر 5.93 ڈالر فی یونٹ ہو جائے گی۔ اکتوبر 2022 سے مارچ 2023 تک ، یہ 7.65 ڈالر فی یونٹ ہوگا۔اس کا مطلب یہ ہے کہ اپریل 2022 میں سی این جی اور پی این جی کی قیمتوں میں 22-23 فیصد اضافہ ہوگا۔ اکتوبر 2022 میں قیمت مزید 11 سے 12 فیصد بڑھ جائے گی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اے پی ایم گیس کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے ایم جی ایل اور آئی جی ایل کو اکتوبر 2021 سے اکتوبر 2022 کے دوران قیمتوں میں 49 سے 53 فیصد اضافہ کرنا پڑے گا۔
