بنگلورو:۔ کابینہ نے سائبر سیکورٹی پالیسی کو منظوری دی جس کا مقصد سائبر جرائم کو روکنا اور ریاست میں ڈیٹا پرائیویسی کو فروغ دینا ہے۔ اس نے 391 کروڑ روپے کی لاگت سے ویشویشوریہٹیکنالوجیکل یونیورسٹی کیمپس میں تحقیق اور مطالعہ کے لیے ایرو اسپیس اور ڈیفنس سنٹر آف ایکسی لینس کے لیے انتظامی منظوری بھی دی۔قانون اور قانون سازی کے امور کے وزیر ایچ کے پاٹل نے کہا کابینہ نے کرناٹک سائبر سیکورٹی پالیسی 2023-24 کو منظوری دے دی ہے۔ اس پالیسی کا بنیادی مقصد ریاست میں سائبر جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنا اور سائبر سیکورٹی اور ڈیٹا پرائیویسی کے بارے میں لوگوں میں بیداری پیدا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کے تحت ریاستی حکومت، بلدیاتی اداروں اور پنچایتوں کو بیداری کے پروگراموں کو نافذ کرنا ہے اور وقتاً فوقتاً ان کا جائزہ لینا ہے۔ سائبر سیکیورٹی اور ڈیٹا پرائیویسی کے حوالے سے بھی سروے کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ریاستی حکومت کا نیا سافٹ ویئر، آن لائن بینکنگ اور تکنیکی تعلیم و تربیتی پروگرام اس کے دائرہ کار میں آئیں گے۔وزیر نے کہا کہ یہ پالیسی سائبر جرائم کی روک تھام اور ان کا پتہ لگانے میں مدد کرے گی، اور ان اقدامات کو ہموار کرنے میں مدد کرے گی جن کی ضرورت ہے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا لائسنس اس پالیسی کے تحت آئے گا، وزیر نے کہا یہ نہیں آئے گا کیونکہ یہ زیادہ تر سائبر سیکورٹی سے متعلق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ جعلی خبروں سے بھی نمٹ سکتا ہے، حالانکہ اس سلسلے میں کوئی خاص ذکر نہیں ہے۔
