بنگلور :۔کووِڈ لاک ڈاون میں اب 21 جون سے 5 جولائی تک مزید چھوٹ دینے کا اعلان کیا گیاہے۔ جبکہ13 اضلاع میں لاک ڈائون کو مزید کچھ دنوں تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔ سنیچر شام کو کرناٹک کے وزیراعلیٰ یڈ یورپا نے اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کرناٹکا میں اَن لاک2 میں بنگلور اربن، اُترکنڑا، بیلگاوی، منڈیا، کوپّل، چکبالاپور، ٹمکور،کولار، گدگ، رائچور، باگلکوٹ، کلبرگی، ہاویری، رام نگر، یادگیر اور بیدر اضلاع میں جاری کیا جائیگا۔ ان تمام 16 اضلاع میں تمام دکانوں کو پیر 21 جون سے شام پانچ بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔جبکہ شیموگہ دکشن کنڑا،ہاسن ، چکمگلورو،اڈپی،کورگ،بنگلورو رورل، چامراج نگر، داونگیرے،چتردرگہ،وجئے پور،دھارواڑ،بلاری میں لاک ڈائون میں توسیع کی گئی ہے۔جبکہ میسورمیں بھی لاک ڈائون کو بحال رکھاگیاہے۔اب تک لاک ڈائون کے جو قوانین تھے،اُن قوانین کو ان اضلاع میں بحال رکھاگیاہے۔پبلک ٹرانسپورٹ، بس سروس اور میٹرو سروس کو 50 فیصد مسافروں کے ساتھ کھولنے کی اجازت رہے گی، اسی طرح سرکاری اور پرائیویٹ دفاتر بھی 50 فیصد اسٹاف کے ساتھ کام کھولے جاسکیں گے۔ بغیر شراب والے اور بغیر ائیرکنڈیشن والے ہوٹل، کلب اور ریسٹورینٹ بھی شام پانچ بجے تک کھول سکیں گے۔ جبکہ جِم (بغیر ائیرکنڈیشن) اور لاڈجنگ اور ریسارٹ 50 فیصد اسٹاف کے ساتھ کھولے جاسکیں گے۔ اسٹڈیم میں کھیل کے پروگرام رکھے جاسکیں گے مگر شائقین کے بغیر ہی کھیلوں کا انعقاد کرنا ہوگا۔شام 7 بجے سے صبح 5 بجے تک شام کا کرفیو جاری رہے گا، اسی طرح ہفتہ واری (ویکینڈ کرفیو) یعنی جمعہ شام سات بجے سے پیر صبح پانچ بجے تک کرفیو جاری رہے گا۔
