بنگلور:۔ وزیر ٹرانسپورٹ بی سری راملونے قانون ساز اسمبلی میں وضاحت کی ہے کہ مالی مشکلات کی وجہ سے موجودہ حالات میں ریاست میں ہائی ٹیک بس اسٹانڈ بناناممکن نہیں ہے۔اسمبلی کے سیشن کے دوران جے ڈی ایس کے رکن اسمبلی انادانی کے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے، انہوں نے کہاکہ کوویڈکی وجہ سے کئی جگہوں پر بسوں کی آمدورفت نہیں ہورہی ہے،ملازمین اور اہلکاروں کی تنخواہوں میں کسی بھی طرح کی روکاٹ نہ آئے اس کیلئے حکومت نے 6 ہزار کروڑ روپیوں کا قرضہ کےایس آر ٹی سی کو منظورکیاہے۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے تقریباً تمام ادارے خسارے میں ہیں۔ ایسے میں ہم ہائی ٹیک بس اسٹیشن کیسے بنا سکتے ہیں؟ نئی بسوں کی خریداری کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور ٹینڈر کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد نئی بسیں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائیں گی۔ جے ڈی ایس کے رکن اسمبلی ڈی سی تمنا نے اس وقت مداخلت کرتے ہوئے کہاکہ میں نے ٹرانسپورٹ منسٹر کے طور پر کام کیا تھا اور مدور، منڈیا اور مالاولی حلقوں میں ہائی ٹیک بس اسٹیشنوں کی تعمیر کو منظوری دی گئی تھی۔ مخلوط حکومت کے خاتمے کے بعد یہ تجویز کاغذ پر ہی رہ گئی۔ میں نے کبھی کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ انہوں نے شمالی کرناٹک کے کئی حصوں میں بس اسٹانڈ کی تعمیر کو منظوری دی ہے۔
