شیموگہ:۔ہندومسلم بھائی چارگی کامرکز ماناجانے والے ہنگیرے کٹےکے بھوت رایاچوڑیشوری مندر اور حضرت سیدسادات قادریؒ کی درگاہ میں موجود گولک کا سہ ماہی حساب کیاگیاہے۔اس دوران گولک سے54 لاکھ روپئے کی رقم نکالی گئی ہے۔ہنگیرے کٹےکے یہ مقدس مقامات کی نگرانی مجرائی محکمہ کرتاہے۔سہ ماہی حساب کرنے پہنچے مجرائی محکمے کے اہلکاروں کو احتجاج کا سامنا کرنا پڑا ۔ہنگیرے کٹےگرام پنچایت کے صدر اور اراکین نے اس بات کااحتجاج کیاتھاکہ درگاہ اورمندرکوآنےوالے ذائرین کیلئے معقول انتظامات نہیں ہیں،بیت الخلاء،حمام اور کمرے بھی یہاں دستیاب نہیں ہیں۔ایسے میں درگاہ ومندرکےگولک سے ہونے والی آمدنی کااستعمال نہیں ہورہاہے۔فوری طورپر درگاہ اورمندرکے احاطے کی درستگی کرنے کے علاوہ معقول انتظامات کئے جائیں۔اس احتجاج کے بعدمجرائی محکمہ کےاہلکاروں نے ضروری اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کی تھی۔اس کے بعد گولک کوکھولاگیاتو اس میں سےجملہ54 لاکھ50ہزار760 کی رقم موصول ہوئی ہے۔اگلے ماہ عرس اور تہوارہونے کی وجہ سے یہاں معتقدین کی تعداد بڑھنے والی ہے،اس وجہ سے گولک کی آمدنی میں مزید اضافہ ہوگا۔
