انٹرنیٹ کاصحیح استعمال کرنے روشن بیگ کامشورہ; ترقی حاصل کرنے کیلئے خودی کوپہچانیں،بی ای ٹی میں طالبات کی الوداعی تقریب

اسٹیٹ نیوز
بنگلور:۔بسم اللہ ایجوکیشن انسٹیٹیوشنس کے چیرمین وسابق وزیر آر روشن بیگ نے نوجوانوں کو آواز دی کہ وہ اپنی زندگی کا نصب العین مقرر کر لیں تاکہ وہ ترقی کے منازل طے کر سکیں۔ بی ای ٹی کمپوزٹ پی یو کالج میں پی یو سی سال دوم کی طالبات کیلئے منعقدہ وداعی تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مشورہ دیا کہ انٹرنیٹ کے مثبت پہلوؤں سے استفادہ کریں اور منفی پہلوؤں پر دھیان نہ دیں تاکہ ان کا مستقبل روشن رہے۔ طالبات کو چاہئے کہ وہ پی یو سی کے بعد تعلیم ترک نہ کریں بلکہ اعلیٰ تعلیم حاصل کریں اور یہ طے کرلیں کہ انہیںکونسا پیشہ اختیار کر نا ہے۔ ابھی سے جدوجہد کا آغاز کردیں۔ اعلیٰ افسر بنیں، پائلٹ بنیں اور اپنے مقصدکی تکمیل کیلئے متحرک ہوجائیں۔روشن بیگ نے طلبہ کو آواز دی کہ وہ موبائل سے پرہیز کر یں۔ اس کا غلط استعمال آپ کے رشتوں کے تقدس کو پامال کر سکتا ہے۔ لڑکیوں کو چاہئے کہ وہ معاشی طو رپر خود کفیل بننے کی کوشش کریں۔ بطور مہمان خصوصی شریک فالکرم اسٹوڈیو کی بانی حسنی رحمن نے لڑکیوں کو آواز دی کہ وہ بلند عزائم اور حوصلوں کے ساتھ اپنے مستقبل کو سنورانے کی کوشش کریں۔سب سے پہلے ترقی کیلئے خود ی کو پہچانیں اور خود اعتمادی کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کو استعمال کریں۔ انہو ںنے والدین کو آواز دی کہ وہ اپنے بچوں کو اس قابل بنائیں کہ وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکیں۔ حسنیٰ نے کہا کہ بحیثیت والدہ ان کا یہ کمال نہیں کہ وہ اپنے بچوں کی ضروریات زندگی کی تکمیل کردیں بلکہ کمال یہ ہے کہ وہ دوڑ رہی ہیں تو ان کی بیٹی کو اڑنا پڑیگا۔ والدین اپنے بچوں کو اتنا سپورٹ کریں کہ وہ اپنا نصب العین حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں۔ اس موقع پر پی یو سی سال دوم کی طالبات نے اپنے تجربات بیان کئے۔ وداعی تقریب کے دوران کالج کی میگزین بعنوان بیٹی پڑھاؤ، بیٹی بڑھاؤ کا اجراء بھی عمل میں آیا۔ اس موقع پر بی ای ٹی کے ٹرسٹیان اور دیگر موجود تھے۔