چوربازارکوہائی ٹیک بنایاجائے:کے بی پرسنناکمار

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر

شہرکے چوربازارکو ہائی ٹیک مارکیٹ کی شکل د ی جائے،جس طرح سے شہرمیں پھولوں کا مارکیٹ بنایاجارہاہے،اسی طرز پر چور بازارکو بھی نئے سرے سےتعمیرکیاجائے۔اس بات کامطالبہ سابق رکن اسمبلی کے بی پرسنناکمارنے کیاہے۔انہوں نے آج نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ بازارکو منہدم کرنے سے پہلےیہاں کے دکانداروں اورتاجروں کو عارضی طورپر دوسری جگہ منتقل کیاجائے۔آگ لگنے کے معاملے کو کارپوریشن اورسرکاری اہلکار سنجیدگی سے لیں،تاکہ آنےوالے دنوں میں کوئی بڑا حادثہ نہ ہو،بھلے اس حادثے میں چار دکانداروں کو نقصان پہنچاہے،لیکن وہ پوری طرح سے کنگال ہوچکے ہیں اور انہیں معقول معاوضہ دیاجائے۔انہوں نے کارپوریشن کے طریقہ کارپراعتراض کرتے ہوئے کہاکہ شیموگہ میں کارپوریشن ہے یانہیں اس کااندازہ نہیں ہورہاہے،پاکی صفائی ناپیدہوچکی ہے،اسمارٹ سٹی کے نام پر دھبہ لگ چکاہے،ڈینگوکے مریضوں کی تعدادمیں اضافہ ہورہاہے،اسپتال مریضوں سے بھررہے ہیں۔فٹ پاتھوں پر لوگوں کو چلنے کیلئے جگہ نہیں ہے،وہاں جابجا دکانیں کھلنے لگی ہیں۔پھولوں کامارکیٹ کا افتتاح توہوچکاہے ،لیکن وہ ابھی استعمال میں لایانہیں گیاہے۔اننانگر،ٹینک محلہ،آرا یم ایل نگرجیسے علاقوں میں بارش کے دنوں میں پانی گھروں میں گھس رہاہے،راج کالوے بندہوچکے ہیں،ان کی صفائی کیلئے کوئی تیارنہیں ہے۔شہرمیں24X7پینے کے پانی کا منصوبہ تو شروع ہوچکاہے،لیکن اب بھی نلوں میں پانی نہیں آرہاہے،نہ یوجی ڈی کاکنکشن ہورہاہے،نہ یو جی ڈی کے موجودہ کنکشن سے گندگی کی نکاسی نہیں ہورہی ہے۔شیموگہ میں ایک بھی نیا منصوبہ جاری نہیں کیاگیاہے،حکومت ہے یانہیں اس کا بھی اندازہ نہیں ہورہاہے۔انہوں نے بتایاکہ پچھلے دنوں کمارسوامی کی شیموگہ آمدکے دوران وی آئی ایس ایل کی بازآبادکاری،ماچس کے کارخانے کے دوبارہ شروع کرنے کیلئے بھی مطالبہ کیاگیاہے۔کمارسوامی نے یقین دلایاہےکہ وہ اس سلسلے میں جلدہی غورکرتے ہوئے مناسب اقدامات اٹھائیں گے۔پریس کانفرنس میں جے ڈی ایس کے ضلعی صدرکڑیدال گوپال،سٹی صدردیپک سنگھ،پارٹی کے ترجمان نرسمہا،نہال نیلو،سونیل وغیرہ موجودتھے۔