شیموگہ:(انقلاب نیوزبیورو):۔شیموگہ مسلم ہاسٹل کمیٹی جو وقف ادارکی منتخب شدہ کمیٹی ہے اور اس کمیٹی کی ذمہ داری جہاں تک ہاسٹل کے انتظامات کوسنبھالنا ہے اور یہاں کی آمدنی کو بہتر طریقے سے خرچ کرناہے وہیں ہاسٹل کے اراکین کو نشست عامہ یعنی جنر ل باڈی میٹنگ کے ذریعے سے ہاسٹل کی سرگرمیوں کے تعلق سے بآورکرنے کی ذمہ داری بھی ہے۔لیکن ایسالگتاہے کہ مسلم ہاسٹل کمیٹی کی جانب سے جنرل باڈی میٹنگ نہ کرنے کی قسم کھائی گئی ہے جس کی وجہ سے قریب ایک سال کا عرصہ گذرنے کے بعد بھی کمیٹی نے جنرل باڈی میٹنگ طلب نہیں کی۔مسلم ہاسٹل کمیٹی نے اس سے پہلے بھی تین سالہ معیاد منتخب شدہ کمیٹی پوری کرچکی ہے،لیکن پورے تین سالوں میں ایک ہی دفعہ جنرل باڈی میٹنگ کا انعقادکیاگیاتھا ،اس کے بعد ہاسٹل کے اراکین کو صرف الیکشن کے موقع پر ہی ہاسٹل کی صورت دیکھنے کاموقع ملا۔ہونا تو یہ چاہیے تھاکہ مسلم ہاسٹل کمیٹی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اپنے عزائم،مقاصد اور اپنے طریقہ کارکے تعلق سے اراکین کو بآورکرتے،مگر ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔ہر سال مسلم ہاسٹل کمیٹی کی آمدنی میں سے طلباء کیلئے وظائف جاری کئے جاتے تھے،اُس سلسلے میں بھی اب تک ہاسٹل کمیٹی نے کسی بھی طرح کی پیش رفت نہیں کی۔جبکہ کورونا سے متاثر ہونےو الے لوگوں کیلئے اس وقت مسلم ہاسٹل کمیٹی وظائف دیکر سہولت فراہم کرسکتی تھی،مگر وہ کام نہ ہوسکا۔غورطلب بات یہ ہے کہ ہاسٹل کی اسی عمارت میں پہلی منزل پر تقریباً4ہزار مربع فٹ جگہ برسوں سے خالی پڑی ہوئی ہے،جبکہ دوسری منزل پر اندازاً5 ہزارمربع فٹ کی جگہ بھی استعمال میں لائی جاسکتی ہے۔مگر9 ہزار اسکوائر فٹ جگہ کوبغیر کرایہ پر دیکر یوں ہی اوقافی املاک کو ضائع کیاجارہاہے۔دراصل اس وسیع عمارت کو سرکاری دفاتر،بینک یا اور کسی نیم سرکاری اداروں کو کرایوں پر دینے کیلئے مسلم ہاسٹل کمیٹی تیارہونے کے باوجود اسے کرایہ پر لینے کیلئے سرکاری نیم سرکاری ادارے تیارنہیں،کیونکہ جس وقت اس ہاسٹل کی عمارت تعمیر کی جارہی تھی،اُس دوران عمارت کی منصوبہ بندی تکنیکی لحاظ سے درست نہیں تھی او رنہ ہی کارپوریشن نے اس کیلئے رضامندی ظاہرکی تھی،اس وجہ سے بینک ودیگر سرکاری ادارے اس بات سے خوفزدہ ہیں کہ کہیں بعدمیں مکمل تیاری کرنے کے بعد سڑکوں کی توسیع کے دوران انہیں نقصان نہ اٹھاناپڑے۔دریںا ثناء ہاسٹل میں اب بھی طلباء کیلئے بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے،جس کے بارے میں فیصلہ یا مشورہ جنرل باڈی میٹنگ میں لیاجاسکتاہے،لیکن ایسامحسوس ہورہاہے کہ مودی کے اچھے دنوں کی طرح مسلم ہاسٹل کے بھی اچھے دن ابھی نہیں آئے،جس کی وجہ سے جنرل باڈی میٹنگ کااہتمام نہیں کیاگیا۔
