بنگلورو: (انقلاب نیوزبیورو):۔کرناٹک میں دسہرے کے بعد ریاست بھرکے لوئر اور ہائر پرائمری اسکولوں کے آغازکے سلسلے میں فیصلہ لینے کی بات ریاستی حکومت نے کی ہے۔محکمہ صحت عامہ اور آئی سی ایم آر سے حکومت نے اس تعلق سے ماہرین سے صلاح مانگی ہے،ماہرین نے دسہرے کے بعد اسکول کھولنے کیلئے اشارہ دیا ہے ، لیکن ماہرین نے دسہرے کے بعد اسکولوں و کالجوں کے آغاز کیلئے جومشورے دئیے ہیں وہ طلباء کیلئے زیادہ مفید ثابت نہیں ہونگے،کیونکہ ماہرین نے تین دن آن لائن اور تین دن آف لائن اسکول جاری کرنے کی بات کہی ہے۔پہلے ہی ریاست میں چھٹویں تا بارہویں جماعت کیلئے کلاسس کاآغاز ہوچکاہے اور اب تک یہ کامیابی کےساتھ چل رہے ہیں،اسی بنیاد پر پہلی تا پانچویں جماعت کے بھی کلاسس کا آغازکرنے کی بات ہورہی ہے۔لیکن طلباء کو اسکول آنا ضروری نہیں ہوگا بلکہ ان کی حاضری میں رعایت بھی دی جائیگی۔دوسری جانب مرکزی حکومت نے تمام ریاستوں کو اسکول شروع کرنے کیلئے اشارہ دیاہے،جس کے مطابق شمال مغربی ریاستوں کے تعلیمی اداروں نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔
