آکسیجن سپلائی کی بابت پی ایم مودی کی جائزہ میٹنگ

نیشنل نیوز

ریاستوں کے ساتھ ہم آہنگی بناکر قلتوں کا بہر صورت ازالہ ہو: مودی

دہلی:۔بڑھتے کروناکیسز کے باعث ملک کے کئی بڑے شہروں کے اسپتالوں میں آکسیجن کی قلت کا مسئلہ پیدا ہوگیا،تاہم ریاست اور مرکزی حکومت اس قلت کی ازالہ کے لئے مستقل طور پر اقدامات کررہی ہے۔ کئی ریاستوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے طبی سہولیات میں استعمال ہونے والے آکسیجن میں مدد کی درخواست کی ہے۔ تاہم اب یہ خبر آرہی ہے کہ وزیر اعظم نے اس سلسلے میں ایک اعلی سطحی جائزہ میٹنگ کی ہے ۔وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق ملک میں میڈیکل گریڈ کی آکسیجن کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے پی ایم مودی نے ایک جامع جائزہ لیا۔ہیلتھ، ڈی پی آئی آئی ٹی ، اسٹیل ، روڈ ٹرانسپورٹ جیسی وزارتوں کے ڈیٹا سے بھی پی ایم کو مطلع کیا گیا۔مودی نے زور دے کر کہا کہ یہ وزارت اور ریاستی حکومت کے مابین ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے۔ایک عہدیدار کے مطابق وزیر اعظم کو بڑھتی طلب کی تکمیل کے لئے میڈیکل آکسیجن کی پیداواری صلاحیت کے بارے میں بتایا گیا۔ مودی نے ہر پلانٹ کی صلاحیت کے مطابق آکسیجن کی پیداوار بڑھانے کا مشورہ دیا۔ جائزہ کے دوران وزیر اعظم نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ملک بھر میں آکسیجن لے جانے والے ٹینکروں کی بلاتعطل نقل و حرکت کو یقینی بنائیں۔اس سے قبل مرکز نے جمعرات کو ریاستوں سے کہا کہ وہ میڈیکل آکسیجن کا معقول استعمال کریں اور اسے یقینی بنائیں کہ اس کاکسی طرح ضیاع نہ ہو۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک میں آکسیجن کافی مقدار میں دستیاب ہے۔ مرکزی وزارت صحت نے کہا کہ میڈیکل آکسیجن کرونا کے مریضوں کے علاج میں ایک اہم جز ہے۔ متعلقہ وزارت نے کہا کہ آکسیجن تیار کرنے والے یونٹوں میں پیداوار میں اضافہ کیا گیا ہے، اسٹاک پہلے سے موجود ہے۔ اس وقت آکسیجن کافی مقدار میں موجود ہے۔وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ اس کے علاوہ ریاستوں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ضرورت کے مطابق آکسیجن کی آسانی سے فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کنٹرول روم بنائے اور سلنڈروں اور ٹینکروں کی ضرورت کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے ۔