بنگلورو:۔فلم اداکار پونیت راجکمار کی موت کے بعد کرناٹک کےکچھ لوگوں کو اس قدر موت کا خوف طاری ہوچکا ہے کہ وہ پونیت راجکمار کی طرح مرنانہیں چاہتے،اسکے لئے قلبی امراض کا معائنہ کروانے کیلئے اسپتالوں کا رخ کرنے لگے ہیں۔ یہ بات "دی نیوز منٹ” نامی خبررساں ذرائع نے بتائی ہے۔ ذرائع کے مطابق دل کے امراض کا معائنہ کروانے والوں میں 30تا 35 سال کے عمر کے نوجوان بنگلورو کے جئے دیوا انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیوویسکیولار سائنس کے ڈائریکٹر سی این منجوناتھ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ عام طور پر اسپتال کو ہردن 1200 مریض اوپی ڈی میں آتے ہیں ، لیکن یکم نومبر کے بعد سے یہ تعداد بڑھ کر 1700 سے زیادہ ہوچکی ہے۔ ان میں زیادہ تر مریض قلبی امراض کا معائنہ کروارہے ہیں۔ ای سی جی، ایکسرے اورای کارڈیو گرام کروارہے ہیں۔ کچھ لوگوں کو ضرورت پڑنے پر ٹرڈ مل کا ٹیسٹ بھی کروایا جارہا ہے۔ بنگلورو کے علاوہ ریاست کے دیگر مقامات پربھی قلبی امراض کا معائنہ کروانے کیلئے 35 سے 50 سال کے عمر کے لوگ اسپتالوں کا رخ کرنے لگے ہیں۔ اپولو، این ایچ، رامیا، داونگیرہ باپوجی اورہبلی میں بھی یہی رفتار دیکھی گئی ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ پونیت راجکمار پہلے شخص ہیں جو قلبی امراض کی وجہ سے ہلاک ہوئے اس سے پہلے بھی کئی لوگ قلبی امراض سےفوت ہوچکے ہیں ، لیکن پونیت راجکمار کی مقبولیت اس قدر رہی ہے کہ لوگ انکی موت سے گھبرانے لگے ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ جب بات جم کے دوران موت ہونے کی سامنے آئی تو لوگ مزید گھبراگئے۔
