اگرتلہ:۔بھارتی پولیس درجنوں صحافیوں اور وکلاء کے ٹوئٹر اکاؤنٹس کوا سکین کر رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا انھوں نے مسلم مخالف تشددکے بارے میں کچھ لکھا ہے۔ یہ کارروائی تریپورہ میں مسلم مخالف تشدد کے تناظر میں کی جا رہی ہے۔بھارت میں پولیس نے وکلاء، صحافیوں اور سماجی کارکنوں کے درجنوں سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی چھان بین شروع کر دی ہے۔ اس بات کی جانچ کی جا رہی ہے کہ کیا ان لوگوں نے تریپورہ میں حالیہ فرقہ وارانہ تشدد کے دوران تشدد کو بھڑکانے والی کوئی چیز تو نہیں لکھی تھی۔ اتوار کو حکام نے کم از کم 102 سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہولڈرز کے خلاف فوجداری کیس میں تفتیش شروع کی۔ یہ جانچ فرضی خبریں پھیلانے کے الزامات کے تحت کی جا رہی ہے۔ جن لوگوں سے تفتیش کی جارہی ہے ان میں ہندوستان کے کئی نامور صحافیوں کے علاوہ ایک آسٹریلوی صحافی اور امریکہ میں مقیم قانون کے پروفیسربھی شامل ہیں۔ معلومات کے مطابق جن لوگوں سے تفتیش کی جا رہی ہے ان میں زیادہ تر مسلمان ہیں۔ گزشتہ ماہ تریپورہ میں بھیڑ نے کئی مقامات پر مسلم علاقوں میں تشددکیاتھا۔
