اسمارٹ سٹی کے ناقص کاموں کے خلاف کانگریس کا احتجاج

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شیموگہ:۔ اسمارٹ سٹی منصوبے کے تحت جاری تعمیری کاموں کا معیار نہایت ہی گھٹیا اورناقص ہے۔یہ الزام آج ضلع کانگریس کمیٹی کے کارکنوں نے اسمارٹ سٹی دفتر کے روبرو احتجاج کرتے ہوئے لگایا ہے اور ساتھ ہی دفتر کا گھیرائو کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔شہر بھر میں اسمارٹ سٹی پراجیکٹ کے تحت ہورہے تعمیراتی کام بدعنوانی سے بھرے پڑے ہیں۔ کاموں کی شروعات سے لیکر اب تک قریب92.394کروڑ روپئے لاگت ہونے کی بات منصوبے کی رپورٹ کے ذریعہ بتائی گئی ہے۔ کانگریس اراکین نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 494کروڑروپئے منظورہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس پروجیکٹ میں محض 08.99کروڑ روپئے باقی بچے ہوئے ہیں۔ عوام کو اس بات کا شبہ ہورہا ہے کہ کیا زیرالتواء تمام کاموں کیلئے موجودہ رقم کافی ہوگی؟۔دوسرا سوال یہ بھی ہے کہ 92.394کروڑ روپئے آخر کہاںخرچ ہوئے ہیں یہ واضح طور پر نہیں بتایا جارہا ہے۔مزید الزام لگایا کہ اسمارٹ سٹی کاموں کا نفاذ کررہے کارپوریشن کمشنر غفلت کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ وہ اپنی ذمہ داریوں کو بھول چکے ہیں۔ کانگریس کمیٹی کے ضلعی صدر ایچ ایس سندریش نے کارپوریشن کمشنر پر سنگین الزام عائد کیا کہ وہ اسمارٹ سٹی کےافسران کے ساتھ سمجھوتہ کرکے کمیشن لینے میں مصروف ہے، بجائے اسکے انکی لاپرواہی مسلسل جاری ہے۔ جن لوگوں کو اسکی ٹھیکداری دی گئی ہے وہ اسکے قابل نہیں ہیں اورنہ ہی ان لوگوں کو ان کاموں میں کوئی مہارت حاصل ہے۔ گھٹیا نوعیت والے کام جاری رہنے کے بعد بھی اس بدعنوانی پر افسران کی خاموشی کئی طرح کے شبہات کو پیدا کررہی ہے۔ لہٰذا اسمارٹ سٹی کے تحت جاری کاموں کے متعلق گہرائی سے تفتیش ہونی چاہئے اورقصورواروں کے خلاف سخت سے سخت اقدامات اٹھائے جانے چاہئےاور ٹینڈر کے عمل کو سنجیدگی سے جانچ کرنے کا دبائوڈالاگیا ہے۔ احتجاج میں کارپوریشن کی اپوزیشن لیڈر یمونا رنگے گوڑا، یوگیش ، ریکھارنگناتھ، مہک شریف، شامیر خان، ایچ ناگراج، رمیش گوڑاسمیت دیگر کئی کارکن موجودتھے۔