جھارکھنڈ:ماب لنچنگ پرموت ہوئی تو سزائے موت کاانتظام،کابینہ اوراسمبلی سے منظوری کاانتظار

سلائیڈر نیشنل نیوز
رانچی:۔جھارکھنڈکی ہیمنت سورین حکومت ماب لنچنگ کے واقعات کوروکنے کے لیے بہت سنجیدہ ہے۔ریاستی حکومت نے ماب لنچنگ کی روک تھام بل 2021 کا مسودہ تیار کیا ہے۔ جھارکھنڈ(پریوینشن آف لنچنگ) بل2021 کے مسودے میں موت کی صورت میں سزائے موت کا انتظام کیاگیاہے۔اگریہ قانون اسمبلی سے منظور ہو جاتا ہے تو مغربی بنگال کے بعد جھارکھنڈ دوسری ریاست بن جائے گی جہاں موب لنچنگ میں موت کی صورت میں سزائے موت کا انتظام ہوگا۔ مسودے میں کہا گیا ہے کہ جھارکھنڈ حکومت ریاست کے لوگوں کے آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے یہ بل لانے جا رہی ہے۔ اس بل میں مجرموں کے خلاف سزاکی دیگر دفعات بھی رکھی گئی ہیں۔ چند دنوں میں ہجوم کے پرتشدد ہونے کے کئی معاملے سامنے آئے ہیں۔ یہ حکومت کے ساتھ ساتھ مقامی انتظامیہ کے لیے بھی پریشانی کا باعث بن گیا ہے۔ جھارکھنڈ حکومت نے ایسے معاملات سے سختی سے نمٹنے کے لیے پریوینشن آف موب لنچنگ ایکٹ لانے کافیصلہ کیاہے۔ اس بل کے مسودے میں قصورواروں کے لیے سخت سزا کا بندوبست کیا گیا ہے۔ ایسے معاملات میں قصوروار پائے جانے والوں کے خلاف سزائے موت کا انتظام کیا گیا ہے، تاکہ ہجوم کے تشدد پر قابو پایا جا سکے۔ اس عمل کے تحت بل کا مسودہ منظوری کے لیے محکمہ داخلہ کو بھیجا جائے گا۔ اس کے بعد اسے منظوری کے لیے کابینہ کے سامنے رکھا جائیگا۔ کابینہ سے گرین سگنل ملنے کے بعداسے اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔