ساگر:۔ایک خاتون کو عصمت دری کا شکار بنانے کے الزام میںمجرم کو ساگر کی 5ویں اڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے 10 سال کی سخت سزا اور60 ہزارروپئے جرمانہ عائد کرتے ہوئے احکامات صادرکئے ہیں۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں 2سال کی سادہ سزا دینے کا فیصلہ سنایا گیا ہے۔ مجرم کی شناخت ساگر تعلقے کے رام نگرکا ساکن انیل عرف انیل ڈیسوزا(26) کے طور پر ہوئی ہے۔ اس شخص نےساگر ٹائون کی ایک خاتون سے کہا کہ وہ جس ہوٹل میں کام کرتا ہے وہاں رات کی ڈیوٹی کیلئے کام کرنا ہے۔ یہ کہہ کر انیل نے اس خاتون کو اسکے گھر سے لےگیااور کسی انجان جگہ لے جاکر اسکے ساتھ عصمت دری کرنے کے بعد اس خاتون کو دھمکی دی کہ وہ یہ بات کسی سے نہ کہے ۔ بعدازاں خاتون کی طبیعت میں خرابی ہونے لگی جس کے پیش نظر خاتون اسپتال پہنچی تو اسے معلوم ہوا کہ وہ حاملہ ہے۔ بعدازاں متاثرہ خاتون نے اس کی شکایت 15 اگست2017 کو ساگر دیہی پولیس تھانے میں درج کروائی تھی جہاں انیل ڈیسوزا پر مقدمہ درج کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں پیش کیا گیا تھا۔مقدمہ کی تحقیقات میں ساگر دیہی پولیس کے سی پی آئی منجوناتھ، ای او نے چارج شیٹ کو2018 کوعدالت میں پیش کی تھی۔ معاملے کی سماعت کررہی 5ویں اڈیشنل عدالت کی جج نے مجرم کے خلاف جرم ثابت ہونے کے بعد انیل ڈیسوزا کو 10 سال کی سخت سزا اور60 ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا ہے۔
