دہلی:۔سی بی ایس ای نے پیر کو کلاس 10 کے انگریزی امتحان سے ایک ’کمپریئنشن پیسج‘ اوراس سے متعلقہ سوالات کو ہٹا دیا اور اس کے لیے طلبہ کو مکمل نمبر دینے کا فیصلہ کیا۔ بورڈ کا یہ اقدام ان سوالات پر تنازعہ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں مبینہ طور پرصنفی دقیانوسی تصورات کو فروغ دیا گیا تھا اوررجعت پسند تصورات کی حمایت کی گئی تھی۔سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (ایس بی ایس ای) نے اتوار کو اس معاملے کو ماہرین کے پاس بھیج دیا تھا اور ان سے جواب مانگا تھا۔ ہفتہ کو منعقدہ 10ویں کے امتحان کے سوالیہ پرچے میں ’خواتین کی آزادی نے بچوں پر والدین کا اختیار ختم کر دیا‘ اور’ایک ماں اپنے شوہر کے انداز کو قبول کر کے ہی اپنے چھوٹوں سے عزت حاصل کر سکتی ہے‘جیسے جملوں کے استعمال پر اعتراضات اٹھائے گئے۔سوالیہ پرچے کے اس طرح کے اقتباسات سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے۔ ٹویٹر پر لوگوں نے ان سوالات پر سی بی ایس ای کو نشانہ بنایا اور صارفین ہیش ٹیگ ’سی بی ایس ای انسلٹس ویمن‘ (سی بی ایس ای کی خواتین کی توہین) کی حمایت کرنے کا مطالبہ کرتے نظر آئے۔
