اومیکرون کاخطرہ:مرکزی حکومت نے ریاستوں کومشاورت جاری کی; نائٹ کرفیواوربڑے اجتماعات پرپابندی کامشورہ،رہنماخطوط پرسخت عمل کرانے کی ہدایت

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔مرکزی حکومت نے ریاستوں اورمرکزکے زیرانتظام علاقوں کو ملک میں بڑھتے ہوئے اومیکرون کے خطرے کے بارے میں ایک ایڈوائزری جاری کی ہے۔نئے کیسوں کو روکنے کے لیے مرکز نے ریاستوں کو نائٹ کرفیو نافذ کرنے اور بڑے اجتماعات کے لیے سخت قوانین کو یقینی بنانے کا مشورہ دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی مرکزنے ریاستوں سے کرسمس اور نئے سال کی تقریبات پر مقامی پابندیوں پر غور کرنے کو بھی کہا ہے۔اس درمیان یوپی میں لاکھوں افرادکی ریلی بھی ہورہی ہے جس میں حکومت اوراپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران شریک ہورہے ہیں۔سوشل میڈیاپریہی سوال سب جگہ ہے کہ یہ سب پابندیاں انتخابی ریلیوں کے لیے کیوں نہیں ہیں۔مرکز نے ریاستوں اور مرکزکے زیرانتظام خطوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ چوکس رہیں اور اضافے کے خدشات پر کیس کی مثبت شرح کی نگرانی کریں۔ مرکز نے ریاستوں کو یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ اضلاع میں کووڈ کلسٹرز پر نظر رکھیں۔مرکزنے کہا ہے کہ ریاستیں بڑے پروگراموں کیلئےسخت قوانین نافذ کرسکتی ہیں۔ کنٹینمنٹ کے بارے میں ریاستوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کنٹینمنٹ زونز اور بفر زونز کو مطلع کریں جہاں زیادہ مریض پائے جا رہے ہیں۔ مرکزنے کہاہے کہ ریاستوں کو ویکسین کی پہلی خوراک کی 100فیصدویکسی نیشن و یقینی بنانا چاہیے اور پھر دوسری خوراک کے اہل لوگوں کو تیزی سے ٹیکہ لگانا چاہیے۔ ملک کی کئی ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ اس کے بارے میں مرکز نے ان ریاستوں کو خصوصی ہدایات جاری کیں اور کہاہے کہ یہاں کورونا ویکسینیشن جلد مکمل کی جائے۔ اس کے ساتھ ہی مرکز نے کہاہے کہ جن اضلاع میں کم ویکسینیشن ہوئی ہے وہاں اومیکرون کے خطرے کے پیش نظر لوگوں کو جلد ہی ٹیکہ لگوانا چاہیے۔