بنگلورو:۔ٹائون کائونسل،میونسپل کائونسل،ٹائون پنچایت سمیت مقامی بلدیاتی اداروں کیلئے 27 دسمبر کوہونے والے انتخابات کے نتائج کاآج اعلان ہواہے،جس کے مطابق کانگریس پارٹی نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے،جبکہ برسرِ اقتدار بی جے پی کو ناکامی کا سامنا کرناپڑرہاہے اور آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ریاست بھرمیں تیسرامقام حاصل کیاہے جبکہ جے ڈی ایس کو چوتھامقام لیکر ہرجگہ پر شکست کا سامنا کرناپڑاہے۔معیادمکمل کرچکے58 بلدیاتی اور59 یہی بلدیاتی اداروں اور مختلف وجوہات کی بناء پر خالی ہونے والے9 وارڈوں سمیت 401گرام پنچایت حلقوں میں انتخابات ہوئے تھے ۔ جملہ1184 وارڈوں میں سے501 وارڈ پر کانگریس ،بی جے پی433،جے ڈی ایس45،عام آدمی اور ایم آئی ایم 2وارڈ،جنتا پارٹی ایک وارڈ جبکہ ایس ڈی پی آئی کو6وارڈوں اور195 آزاد امیدواروں کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔جملہ26 سٹی کائونسل پر کانگریس نے کامیابی حاصل کی ہے،جبکہ برسرِ اقتدار بی جے پی کو17 مقامات پر اکثریت حاصل ہوئی ہے اور ایک بلدیاتی ادارے میں جے ڈی ایس کو کامیابی حاصل ہوئی۔اسی طرح سے10 بلدیاتی اداروں میں نتائج معلق رہے،بقیہ4 حلقوں میں آزاد امیدواروں کاراج ہے۔19 ٹائون کائونسل میں سے11 ٹائون کائونسل میں کانگریس نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ6 علاقوں میں بی جے پی کواکثریت حاصل ہوئی ہے،34 ٹائون پنچایت میں 15 پر کانگریس اور8 پر بی جے پی کوکامیابی ملی ہے،جبکہ وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی کے آبائی شہرشگائوں کے بنکاپوراورگتلاٹائون پنچایت میں کانگریس کو کامیابی ملی،جبکہ بی جے پی کوبھاری شکست کا سامنا کرناپڑا ہے۔یہ انتخابات27 دسمبرکو انجام پائےتھے جبکہ ان کے نتائج30 دسمبر کو سامنے آئے ہیں۔جملہ نتائج میں42 فیصد کامیابی کانگریس کوملی ہے،36 فیصد بی جے پی اور17 فیصد کامیابی آزادامیدواروں کوملی ہے۔اس کامیابی کے بعد کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ سدرامیا نے کہاکہ یہ نتائج اس بات کی دلیل ہیں کہ لوگوں میں اب کانگریس کے تعلق سے رحجاج بڑھ رہاہے اور لوگ آنے والے دنوں میں کانگریس کا ہاتھ تھامنے جارہے ہیں۔
